یوم علی کے انتظامات کے حوالے سے بلدیہ شرقی میں منتظمین جلوس و مجالس سے چیئرمین بلدیہ شرقی کی زیر صدارت اجلاس

یوم علی کے حوالے سے انتظامات مکمل کر لئے جائیں، بلدیاتی امور کی انجام دہی میں منتظمین جلوس ومجالس کی مشاورت کو اہمیت دی جائے،معید انور

ہفتہ 2 جون 2018 15:11

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جون2018ء) چیئرمین بلدیہ شرقی معید انور کی زیرصدارت یوم، علی کے انتظامات کے حوالے سے منتظمین جلوس کے ہمراہ اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں علمائے کرام، منتظمین ، میونسپل کمشنر بلدیہ شرقی اختر علی شیخ سمیت بلدیہ شرقی کے تمام متعلقہ محکمہ جاتی افسران نے شرکت کی اجلاس میں یوم علی کے حوالے سے قبل از وقت انتظامات یقینی بنانے کیلئے مختلف امور زیر غور لائے گئے، منتظمین جلوس ومجالس کی جانب سے بلدیاتی انتظامات کروانے پر زور دیا گیا انہوں نے روشنی کا انتظام ، سڑکوں کی استرکاری ، صفائی و ستھرائی ، درختوں کی چھٹائی ، تجاوزات کے خاتمے ، گاڑیوں کی پارکنگ اور ونچنگ کے ذریعے سیوریج مسائل دور کرنے کے حوالے سے علاقوں اور مرکزی جلوس کے راستوں پر بلدیاتی خدمات فراہم کرنے کی گزارش کی گئی، بالخصوص جلوس و مجالس کی جگہوں جس میں نشتر پارک اور ایم اے جناح روڈ پر خصوصی صفائی و ستھرائی یقینی بنانے کیلئے کہا گیا۔

(جاری ہے)

چیئرمین بلدیہ شرقی معید انور نے مذکورہ مسائل کو بغور سنا اور کہا کہ اجلاس بلانے کا مقصد یہ ہے کہ منتظمین جلوس ومجالس اپنی قیمتی آرا سامنے رکھ سکیں تاکہ اس کو سامنے رکھتے ہوئے ہنگامی بنیاد پر اقدامات کو یقینی بنایا جا سکے جو بلدیاتی خدمات فراہم کرنے کا کہا گیا ہے اسے یقینی بنایا جائیگا جو خدمات کسی اور محکمے کے دائرہ اختیار میں ہیں انہیں بھی آن بورڈ لیکر خدمات کی فراہمی میں اپنا کردار ادا کریں گے اس موقع پر چیئرمین بلدیہ شرقی معید انور نے موقع پر موجود افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ یوم علی کے منتظمین کی جانب سے اٹھائے گئے مسائل کے حل کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات یقینی بنائے جائیں بالخصوص لائیٹس ، تجاوزات کے خاتمے و دیگر امور کے حوالے سے کام مکمل کرکے رپورٹ پیش کی جائے ، انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں بذات خود بلدیاتی خدمات کی فراہمی کے کاموں کا جائزہ لونگا صفائی و ستھرائی اور نکاسی و فراہمی آب کے حوالے سے سندھ سالڈ ویسٹ منیجمنٹ بورڈ اور کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ اقدامات یقینی بنائے۔

چیئرمین معید انور نے کہا کہ یوم علی کے موقع پر بلدیاتی سہولیات میں کوئی کمی نہیں رہنی چاہیئے، اس سلسلے میں متعلقہ محکمے اپنا کام بروقت سر انجام دے لیں، انہوں نے منتظمین سے کہا کہ وہ باہمی اشتراک عمل سے یوم علی کے سلسلے میں انتظامات مکمل کروانے میں اپنا کردار ادا کریں تاکہ عزاداران کو کسی قسم کی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑی. اجلاس میں تحریک جعفریہ کے صدر شبر زیدی و دیگر نے بڑی تعداد میں شرکت کی.