سعودی پولیس اہلکار چاقو کے وار سے ہلاک

سارجنٹ عبداللہ مشری نائف کو ڈیوٹی کے دوران حملہ آور نے جاں بحق کر دیا

Umer Jamshaid عمر جمشید ہفتہ 2 جون 2018 15:18

جدہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 2جُون 2018ء) صوبہ طائف کے علاقہ الجیش سٹریٹ میں ٹریفک کے شعبے میں خدمات انجام دینے والے سارجنٹ عبداللہ مشری نائف الصُبائی کو بُدھ کی رات نو بجے چاقو کے وار کر کے ہلاک کر دیا گیا۔ اس ہلاکت کی اطلاع وزارت داخلہ کے ترجمان کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں دی گئی ہے۔ملزم نے ٹریفک اہلکار عبداللہ مشری نائف کو پے در پے چاقو کے وار کر کے جاں بحق کر دیا اور اس کے بعد موقع پر موجود دُوسرے اہل کار پر بھی حملہ آور ہوا۔

اُسے سیکیورٹی اہلکاروں کی جانب سے گرفتار کرنے کی کوشش کے دوران اُس نے مزاحمت دکھائی اور ٹریفک پولیس کی گاڑی کے ذریعے فرار ہونے کی کوشش کی مگر مقابلے کے دوران زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔ اُس کی حالت کے پیش نظر اُسے مقامی ہسپتال میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

وزارت داخلہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ ٹریفک اہلکار کو ہلاک کرنے والا ملزم عبدالعزیز سعود سعد المُصعبی المالکی پہلے بھی اس طرح کی کئی مجرمانہ وارداتوں میں ملوّث رہا ہے اور طویل مجرمانہ ریکارڈ کا حامل ہے۔

ملزم کی جانب سے نشانہ بنائے جانے والے دو پولیس اہلکاروں میں سے ایک تو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا جبکہ دُوسرا اہلکار جس کا تعلق نیشنل گارڈ کی وزارت سے ہے‘ اس کی حالت ہسپتال میں تسلّی بخش بتائی جا رہی ہے۔ ترجمان کے مطابق ابھی تک اس خونی واردات کے پس پردہ محرکات معلوم نہیں ہو سکے تاہم پولیس نے ملزم کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔