پاکستان اٹلی سے مشینری درآمد کر کے ماربل کی صنعت کو بہتر ترقی دے سکتا ہے، البرٹو وسینونی

ہفتہ 2 جون 2018 15:37

پاکستان اٹلی سے مشینری درآمد کر کے ماربل کی صنعت کو بہتر ترقی دے سکتا ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جون2018ء) اٹلی کے اے ایم ایس گروپ کے منیجنگ ڈائریکٹر البرٹو وسینونی نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور چیمبر کے قائم مقام صدر محمد نوید ملک کے ساتھ اٹلی اور پاکستان کے درمیان ماربل کے شعبے میں باہمی تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔ چیمبر کے نائب صدر نثار مرزا اور چیمبر کی ڈپلومیٹک کمیٹی کے چیئرمین محمد شکیل منیر بھی اس موقع پر موجود تھے۔

البرٹو وسینونی نے کہا کہ اے ایم ایس گروپ اٹلی کا ایک بڑا گروپ ہے جو ماربل و گرینائٹ کی پراسسنگ کیلئے استعمال شدہ مشینری کو دنیا کے مختلف ممالک کو فروخت کر رہا ہے ، ماربل و گرینائٹ کی جدید مصنوعات تیار کرنے کیلئے گروپ کے پاس مختلف قسم کی مشینیں موجود ہیں جو اپنی عمدہ کارکردگی کی وجہ سے دنیا میں مقبول ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان ان کی کمپنی سے مشینری درآمد کر کے اپنی ماربل کی صنعت کو بہتر طور پر ترقی دے سکتا ہے اور ماربل و گرینائٹ کی ویلیو ایڈیشن کر کے ان کی برآمدا ت میں نمایاں بہتری لا سکتا ہے۔

انہوںنے کہا کہ وہ کراچی اور لاہور کا بھی دورہ کر چکے ہیں اور وہ اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ اٹلی اور پاکستان ماربل و گرینائٹ سمیت متعدد شعبوں میں ایک دوسرے کے ساتھ قریبی تعاون کو فروغ دے کر اپنی معیشتوں اور عوام کیلئے فائدہ مند نتائج حاصل کر سکتے ہیں۔ اسلام آباد چیمبر کے قائم مقام صدر محمد نوید ملک نے کہا کہ پاکستان میں ماربل و گرینائٹ کے وسیع ذخائر پائے جاتے ہیں تاہم جدید مشینری نہ ہونے کی وجہ سے بہت سا قیمتی پتھر ضائع ہو جاتا ہے۔

انہوںنے اس بات پر زور دیا کہ اٹلی کا اے ایم ایس گروپ پاکستان میں اپنی مشینری منتقل کرے اور ہمارے ملک میں اپنا سیٹ اپ قائم کرنے کی کوشش کرے تا کہ ماربل و گرینائٹ کی صنعت کو بہتر فروغ دے کر ان مصنوعات کی برآمدات کو مزید بہتر کر سکے۔ انہوںنے کہا کہ سی پیک کی وجہ سے پاکستان میں کاروبار و سرمایہ کاری کے بے شمار نئے مواقع پیدا ہو گئے ہیں ، اٹلی کے سرمایہ کارپاکستان میں ماربل و گرینائٹ سمیت دیگر شعبوں میں جوائنٹ وینچرز و سرمایہ کاری کرنے کی کوشش کریں کیونکہ حکومت پاکستان غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پرکشش مراعات فراہم کر رہی ہے۔

انہوںنے اس موقع پر پاکستان میں تعینات اٹلی کے سفیر سٹیفانو پونٹیکورو کی ان کاوشوں کو سراہا جو وہ پاکستان اور اٹلی کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعلقات کو بہتر کرنے کیلئے کر رہے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ اٹلی کے سفیر دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینے کیلئے کافی سرگرم ہیں اور ان کا مثبت کردار قابل ستائش ہے۔ محمد نوید ملک نے کہا کہ پاکستان اور اٹلی لائیوسٹاک، توانائی، انفراسٹریکچر، تیل و گیس ، کمیکل اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں میں بھی ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرنے کی عمدہ صلاحیت رکھتے ہیں لہذا ضرورت اس بات کی ہے کہ دونوں ممالک نجی شعبوں کے درمیان براہ راست روابط کو فروغ دینے کی کوشش کریں جس سے دونوں کے تجارتی و اقتصادی صلاحیت کے مطابق فروغ پائیں گے۔