مرکزی علماء کونسل کے زیر اہتمام لاہور میں سیرت ام المومنین سیدہ عائشہ صدیقہ ؓ کانفرنس کا انعقاد

ہفتہ 2 جون 2018 16:17

لاہور۔2 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جون2018ء) مرکزی علماء کونسل کے زیر اہتمام ’’سیرت ام المؤمنین سیدہ عائشہ صدیقہ ؓ کانفرنس‘‘ گزشتہ روز منعقد ہوئی،کانفرنس کی صدارت مرکزی علماء کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے کی۔ کانفرنس سے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا شبیر احمد عثمانی،صاحبزادہ پیر جی خالد محمود قاسمی ودیگر نے خطاب کیا۔

صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے کہا کہ سیدہ عائشہ صدیقہ ؓ کو ازواج مطہرات ؓ میں ممتاز حیثیت حاصل ہے،حضرت عائشہ ؓ وہ خوش قسمت ترین عورت ہیںجن کو حضور ؐ کی زوجہ محترمہ اور ’’ام المؤمنین ‘‘ ہونے کا شرف حاصل ہے،ام المؤمنین سیدہ عائشہ صدیقہ ؓ کی زندگی مسلمان خواتین کیلئے عملی نمونہ ہے، اسلام نے عورتوں کو جو مقام دیا ہے سیدہ عائشہ صدیقہ ؓ کی حیات مبارکہ اس کا واضح ثبوت ہے،قرآن وحدیث اور تاریخ کے اوراق آپؓ کے فضائل ومناقب سے بھرے پڑے ہیں،حضرت عائشہ صدیقہ ؓ کا اخلاق نہایت ہی بلند تھا اور آپ ؓ نہایت سنجیدہ، فیاض،قانع ،عبادت گزار اور رحم دل تھیں،سیدہ عائشہ ؓ زہد وقناعت کی وجہ سے صرف ایک جوڑا اپنے پاس رکھتی تھیں۔

(جاری ہے)

مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیدہ عائشہ ؓ بہت زیادہ رقیق القلب تھیں اوربہت جلد رو دیتی تھیں،دل میں خوف اور خشیت الٰہی کا غلبہ رہتا تھا،ام المؤمنین سیدہ عائشہ صدیقہ ؓ کا امت مسلمہ پر بہت بڑا احسان ہے کہ ان کے مبارک واسطہ سے امت کو دین کا بڑا حصہ نصیب ہوا،مسلمانوں کی معاشرتی زندگی کا نصف حصہ حضرت عائشہ ؓ سے مروی ہے، سیدہ عائشہ صدیقہؓ وہ محترم ہستی ہیں جن کی پاکیزگی کی گواہی خود قرآن مجید دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں چاہئے کہ ہم اپنی خواتین کو ام المؤمنین سیدہ عائشہ صدیقہ ؓ کی سیرت مبارکہ کا مطالعہ کروائیں کیونکہ حضرت عائشہ ؓ مسلمان خواتین کیلئے بہترین رول ماڈل ہیں۔