کینیڈا،امریکہ میں نیفٹا معاہدے پر عدم اتفاق،

ٹرمپ،ٹروڈو ملاقات منسوخ

ہفتہ 2 جون 2018 16:22

ٹورنٹو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 جون2018ء) کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے نیفٹا معاہدے کے بارے میں امریکی شرطوں کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے امریکی صدر ٹرمپ سے ملاقات کا پروگرام منسوخ کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز اپنے ایک بیان میں کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا کہ انھوں نے تجویز پیش کی تھی کہ اپنے دورہ واشنگٹن میں نیفٹا تجارتی معاہدے کے بارے میں مذاکرات مکمل کریں گے مگر امریکی نائب صدر مائیک پینس نے ٹیلیفون کے ذریعے ان سے کہا کہ صدر ٹرمپ سے اسی صورت میں ملاقات ہو سکتی ہے کہ اس معاہدے میں5 سالہ نئی شق کا اضافہ کر دیا جائے۔

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ جسٹن ٹروڈو سے کہا گیا کہ امریکہ ایک منصفانہ سمجھوتے کا حصول چاہتا ہے،جسٹن ٹروڈو نیفٹا تجارتی معاہدے میں امریکی منظور نظر شق بڑھائے جانے کی مخالفت کرتے رہے ہیں۔واضح رہے کہ امریکہ،میکسیکو اور کینیڈا کے درمیان نیفٹا معاہدے کا نفاذ 1994میں عمل میں آیا ہے اور اب امریکی صدر ٹرمپ اس معاہدے سے نکلنے کی کوشش کر رہے ہیں۔