متحدہ امارات اور روس کا دہشتگردی کیخلاف عالمی اتحاد کو تشکیل دینے کا مطالبہ

ہفتہ 2 جون 2018 16:24

ماسکو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 جون2018ء) متحدہ عرب امارات اور روس نے دہشتگردی کیخلاف وسیع تر عالمی اتحاد کی تشکیل کا متفقہ مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ملک مشرق وسطیٰ کو وسیع پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں سے پاک خطہ دیکھنا چاہتے ہیں۔گزشتہ روز متحدہ امارات کے ولی عہد الشیخ محمد بن زاید آل نھیان نے اپنے دورہ روس کے دوران ماسکو میں روسی صدر ولادی میر پیوٹن سے تفصیلی ملاقات کی،اس موقع پر دونوں ملکوں کے درمیان کئی معاہدوں اور باہمی تعاون کی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔

(جاری ہے)

روسی صدر ولا دیمیر پیوٹن اور اماراتی ولی عہد کی ملاقات میں دوطرفہ تزویراتی شراکت کا اعلان کیا گیا،ملاقات کے بعد میڈیا کو جاری بیان میں کہا گیا کہ روس اور امارات دہشتگردی کے پھیلتے ناسور کے خاتمے کے لیے مل کر کوششیں جاری رکھیں گے۔ انتہا پسندی اور دہشتگردی کے خاتمے کے لیے دہشتگردوں کے بنیادی ڈھانچے کو ختم کرنا اور دہشتگردی کے معاون ممالک کو روکنا ہو گا۔بیان میں عالمی برادری پر زور دیا گیا کہ وہ دہشتگردی کے حوالے سے دہرا معیار ترک کرتے ہوے عالمی قوانین اور اقوام متحدہ کے عالمی معاہدوں کی روشنی میں دہشتگردی کیخلاف عالمی اتحاد تشکیل دے۔