سعودی شہزادی کی تصویر چھاپ کر ٹھیک کیا،فیش میگزین ووگ کا دفاع

میگزین ایسے اہم معاملات کو اجاگر کرتا ہے جن کا تعلق عرب دنیا کی خواتین سے ہے،ایڈیٹر ان چیف کی گفتگو

ہفتہ 2 جون 2018 16:36

سعودی شہزادی کی تصویر چھاپ کر ٹھیک کیا،فیش میگزین ووگ کا دفاع
ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جون2018ء) فیشن میگزین ووگ نے رسالے کے جون کے شمارے کے سرورق پر سعودی شہزادی کی تصویر شائع کرنے کے فیصلے کا دفاع کیا ہے۔اس پر الزام تھا کہ اس نے خواتین کے حقوق کے لیے جدوجہد کرنے والے کارکنوں کی پکڑ دھکڑ نظرانداز کر رکھا ہے۔اس رسالے کے مشرقِ وسطیٰ کے ایڈیشن کے سرورق پر شہزادی ہیفا بنت السعود کو ایک گاڑی کی ڈرائیونگ سیٹ پر بیٹھا دکھایا گیا ہے۔

سعودی عرب میں خواتین کی ڈرائیونگ پر ایک عرصے سے عائد پابندی 24 جون کو اٹھنے والی ہے۔ تاہم حالیہ ہفتوں میں خواتین کی ڈرائیونگ کے حق کے لیے مظاہرہ کرنے والی ایک درجن کے قریب خواتین اور ان کے حامیوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ناقدین نے میگزین کو بہرا قرار دیا ہے کیوں کہ اس نے جیل میں بند مظاہرین کی بات نہیں سنی۔

(جاری ہے)

میڈیارپورٹس کے مطابق ایک بیان میں ووگ عرب کے ایڈیٹر ان چیف مینوئل آرناک نے میگزین کے فیصلے کا دفاع کیا۔

انھوں نے کہا کہ میگزین ایسے اہم معاملات کو اجاگر کرتا ہے جن کا تعلق عرب دنیا کی خواتین سے ہے، اور کہا کہ شہزادی ہیفا کے ذریعے یہ پیغام دور تک جائے گا۔انھوں نے بتایاکہ بامعنی موضوعات پر صحت مند بحث شروع کرنا ہماری ترجیح ہے، اس لیے ہم نے اس معاملے کو نمایاں کرنے کے لیے ایک طاقتور تصویر کا انتخاب کیا جو اپنا مقصد پورے طریقے سے ادا کرتی ہے، یعنی عرب معاشرے میں عورت کے کردار پر توجہ مرکوز کرانا۔