چین منتازعہ جزائر میں میزائل نصب کرکے پڑوسی ملکوں کو ڈرا دھمکا رہا ہے، امریکہ

ہفتہ جون 16:38

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 جون2018ء) امریکی وزیرِ دفاع جیمز میٹس نے کہا ہے کہ چین متنازع بحیرہ جنوبی چین میں میزائل نصب کر کے اپنے پڑوسی ملکوں کو ڈرا دھمکا رہا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سنگاپور میں میڈیاسے بات کرتے ہوئے امریکی وزیردفاع جنرل میٹس نے کہا کہ چین کے اقدامات سے اس کے مقاصد پر سوال اٹھتا ہے۔انھوں نے کہا کہ اس ماہ امریکی صدر ٹرمپ اور شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان کی ملاقات کے دوران جنوبی کوریا میں امریکی فوجیوں کی موجودگی معاملہ میز پر نہیں ہو گا یعنی اس پر بات نہیں کی جائے گی۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ امریکہ جزیرہ نما کوریا کو مکمل طور پر ایٹمی ہتھیاروں سے پاک کرنا چاہتا ہے۔جنرل میٹس نے کہا کہ چین نے بحیرہ جنوبی چین میں طیارہ شکن میزائل، زمین سے فضا میں مار کرنے اور الیکٹرانک جیمرز نصب کر رکھے ہیں۔۔چین کے دعووں کے برعکس ان ہتھیاروں کی تنصیب کا براہِ راست تعلق ڈرانے دھمکانے اور دباؤ ڈالنے سے ہے۔انھوں نے کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ چین کے ساتھ تعمیری تعلقات چاہتی ہے لیکن اگر ضرورت پڑی تو وہ سخت مقابلے کے لیے تیار ہیں۔انھوں نے یہ بھی کہا کہ امریکہ سمجھتا ہے کہ چین کا اس خطے میں کردار بنتا ہے۔