بھارتی فلم انڈسٹری کے عظیم فنکار راج کپور کو بچھڑے 30 برس بیت گئے

دسمبر 1924 کو پشاور میں پیدا ہونے والے ہندی سنیما کے نامور اداکار اور ہدایت کار راج کپور چار دہائیوں تک فلمی دنیا کے افق پر راج کرتے رہے

ہفتہ 2 جون 2018 16:38

بھارتی فلم انڈسٹری کے عظیم فنکار راج کپور کو بچھڑے 30 برس بیت گئے
ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جون2018ء) بالی وڈ کے شو مین راج کپور کو مداحوں سے بچھڑے 30 سال بیت گئے۔14 دسمبر 1924 کو پشاور میں پیدا ہونے والے ہندی سنیما کے نامور اداکار اور ہدایت کار راج کپور چار دہائیوں تک فلمی دنیا کے افق پر راج کرتے رہے۔راج کپور نے 1947 میں بننے والی فلم ’نیل کمل‘ سے بطور ہیرو کیریئر کا آغاز کیا جس میں ان کے مدمقابل مدھو بالا مرکزی کردار میں نظر آئیں ،ْانہوں نے اپنے فلمی کیریئر میں اداکاری کے ساتھ ساتھ کامیاب ہدایتکار اور پروڈیوسر بھی رہے اور 1948 میں بننے والی فلم ’آگ‘ کی ہدایت کاری کے فرائض انجام دیئے۔

راج کپور کی شہرہ آفاق فلموں میں ’برسات‘، ’آوارہ‘، ’انہونی‘، ’شری 420‘ اور ’بوبی‘ سمیت کئی فلمیں شامل ہیں جبکہ دنیا کی 100 سدا بہار اور عظیم فلموں میں ان کی فلم ’آوارہ‘ بھی شامل ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ماضی کی عظیم اداکارہ نرگس کے ساتھ بھی 16 فلموں میں کام کیا جس میں سے 6 کے پروڈیوسر وہ خود تھے۔’حنا‘ راج کپور کی آخری فلم تھی لیکن اِس کا ذمہ وہ اپنے بڑے بیٹے رندھیر کپور کو سونپ چکے تھے اور یہ فلم ان کے انتقال کے بعد ریلیز ہوئی تھی۔

راج کپور نے کئی فلمی اور قومی ایوارڈز بھی اپنے نام کیے جن میں 3 نیشنل فلم ایوارڈز اور 11 فلم فیئر ایوارڈز شامل ہیں۔ 2 جون 1988 کو دنیا سے رخصت ہونے والے عظیم فنکار کو بھارتی حکومت نے فن کے لیے عظیم خدمات پر پدما بھوشن سے بھی نوازا جب کہ انہیں دادا صاحب پھالکے ایوارڈ بھی دیا گیا۔میٹرک کے امتحان میں فیل ہونے والا یہ فنکار آج بھارت کی یونیورسٹیوں میں سنیما پر موضوع تحقیق کا درجہ اختیار کر گیا ہے جنہوں نے بھارتی سنیما کی بڑھوتری کے لیے عظیم خدمات پیش کیں۔