چائلڈ لیبرپاکستان کا اہم مسئلہ ہے ،ْولی اللہ خان

ایس ایم ای فاؤنڈیشن بیروزگاری کے خاتمہ کے لئے کام کر رہی ہے ،ْصدر ایس ایم ای فائو نڈیشن

ہفتہ 2 جون 2018 16:41

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جون2018ء) اڑان ویلفئر فاؤنڈیشن کی جانب سے مقامی ہوٹل میں ایک افطار ڈنر کی دعوت منعقد ہوئی۔ تقریب میں ممتاز سماجی، سیاسی شخصیت نے شرکت کی، جس میں فہیم مغل انچارج بلاول ہاؤس، شہریار بھائی چئیرمین بحریہ ٹاؤن کراچی، ڈی جی اینٹی کرپشن کے صابزادے جنید بلوچ ، شاہ رخ لغاری چیف انجینئر ظاہر پیر موٹرویز، قاضی وسیم سی ای او UHL عباس شاہ انسپکٹر ایف آئی اے، صلاح الدین چاچڑ سی ای او ساؤتھ مائننگ کمپنی، اڑان فاؤنڈیشن کے سربراہ چودھری علی اکبر اور آئی جی بلوچستان کے صاحبزادے نے شرکت کی۔

اس موقع پر ایس ایم ای فاؤنڈیشن کے صدر ولی اللہ خان نے اڑان فاؤنڈیشن کی جانب سے چائلڈ لیبر کے حوالے سے کی جانے والی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ چائلڈ لیبر بہت سے مسائل میں سے ایک اہم مسئلہ ہے اور بچپن میں ہی روزگار سے وابستہ ہونے والے بچوں کی تعلیمی سرگرمیاں بری طرح متاثر ہوتی ہیں۔

(جاری ہے)

ولی اللہ نے کہاکہ ایس ایم ای فاؤنڈیشن بیروزگاری کے خاتمہ کے لئے کام کر رہی ہے اور اس سلسلے میں ہم ایک پلان کے تحت نوجوانوں میں ذاتی کاروبار کا رجحان پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ نوجوان نا صرف برسر روزگار ہوں بلکہ دوسرے لوگوں کے لئے بھی روزگار مہیا کرنے والے بنیں اس سلسلے میں ایس ایم ای سیکٹر کو مضبوط کریں،اس کے بغیر ہم بیروزگاری کا خاتمہ نہیں کرسکتے۔

اڑان فاؤنڈیشن کے سربراہ چودھری علی اکبر نے کہا ملک میں بہت سے فلاحی ادارے کام کر رہے ہیں اور ہر ادارہ ملک کے کسی نا کسی مسئلہ کے حل کے لئے سرگرم عمل ہے۔اس موقع پر ایس ایم ای فاؤنڈیشن اور اڑان فاؤنڈیشن نے مستقبل میں ان اداروں کے مابین تعاون پر اتفاق کیا اور میزبان علی اکبر نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔