Live Updates

سندھ کے عوام کو خدا کا شکر ادا کرنا چاہئے، پی پی کے نام سے جو بلا ان کے سروں پر مسلط تھی، ٹل گئی ہے، فردوس شمیم نقوی

پیپلز پارٹی اور متحدہ کو کراچی اور سندھ نے بارہا آزمایا، ایک بار پی ٹی آئی کو بھی موقع ملنا چاہئے، صدرپاکستان تحریک انصاف کراچی

ہفتہ 2 جون 2018 16:42

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جون2018ء) پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر فردوس شمیم نقوی نے کہا ہے کہ سندھ کے عوام کو خدا کا شکر ادا کرنا چاہئے، پی پی کے نام سے جو بلا ان کے سروں پر مسلط تھی، ٹل گئی ہے۔ پچاس سال پہلے روٹی کپڑا اور مکان کا وعدہ کرنے والے عوام کو سبز باغ دکھا دکھا کر چلے گئے۔ پی ٹی آئی کراچی کے صدر فردوس شمیم نقوی نے یہ باتیں پارٹی سیکرٹریٹ ’’انصاف ہائوس‘‘ کراچی سے جاری کردہ اپنے خصوصی بیان میں کہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ انتخابات کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں اور پی ٹی آئی کے عہدیداران و کارکنان کا جوش و خروش عروج پر ہے۔ پی پی کی حکومت نے لوگوں کو بھوک، افلاس اور بے سروسامانی کے سوا کچھ نہیں دیا۔ عوام انہیں اور کتنی بار آزمائیں گے اور کتنی بار ان سے دھوکا کھائیں گے۔

(جاری ہے)

اب بہت ہوچکا، دس سال جو سندھ کے عوام نے قید کاٹی سو کاٹی،اب آزادی ان کا مقدر ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ خدا بھی اس قوم کی حالت بدلتا ہے جو اپنی حالت خود بدلنا چاہے۔ اگر کراچی اورسندھ کے عوام بھی اپنی حالت بدلنا چاہتے ہیں تو انہیں وقت کی نزاکت کا احساس کرنا ہوگا۔ اگر اس بار پیپلز پارٹی کی طرف سے کوئی بھی امیدوار کامیاب ہوا تو اس میں قصور سندھ کے عوام کا بھی مانا جائے گا۔ پیپلز پارٹی اور متحدہ نے بار بار سندھ اور کراچی کو تباہ کیا۔

پی پی اور متحدہ نے نفرتیں پھیلائیں اور لسانیت کو فروغ دے کر اپنی سیاست چمکائی۔ سندھ کے ووٹر کو سمجھنا ہوگا اور اِس بار چیئرمین عمران خان کے ویژن کا ساتھ دینا ہوگا۔ پیپلز پارٹی اور متحدہ کو کراچی اور سندھ نے بارہا آزمایا، ایک بار پی ٹی آئی کو بھی موقع ملنا چاہئے۔ پاکستان تحریک انصاف غریبوں اور مظلوموں کا ساتھ دینے والی سیاسی جماعت ہے۔ ہم مفلسوں کے حقوق کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔ ہم مزدوروں کے لیے آواز بلند کر رہے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ سندھ اور کراچی کے عوام بھی ہمارا ساتھ دیں اور تبدیلی لانے میں ہماری مدد کریں۔ ہم دو نہیں ایک پاکستان چاہتے ہیں جو ہم سب کا پاکستان ہوگا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات