وزیر اعظم آزاد کشمیرکی صدر آزاد کشمیر سے ملاقات ، آزادکشمیر کے عبوری ایکٹ 1974میںکامیابی کے ساتھ تیرہویں ترمیم کرنے پر ایک دوسرے کو مبارکباد

اس ترمیم کے ذریعے کشمیر کونسل کے تمام انتظامی ، مالی و قانون سازی کے اختیارات آزادجموں وکشمیر حکومت اور اسمبلی کو منتقل ہو گئے ہیں اور آزادکشمیر حکومت زیادہ با اختیار اور مضبوط ہو گئی ہے ،ْسردار مسعود خان

ہفتہ 2 جون 2018 16:43

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جون2018ء) وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان نے ہفتہ کو ایوان صدر مظفرآباد میںصدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان سے ملاقات کی اور آزادجموں وکشمیر کے عبوری ایکٹ 1974میںکامیابی کے ساتھ تیرہویں ترمیم کرنے پر ایک دوسرے کو مبارکباد دی ۔ اس موقع پر صدر آزادجموں وکشمیر نے کہاکہ اس ترمیم کے ذریعے کشمیر کونسل کے تمام انتظامی ، مالی و قانون سازی کے اختیارات آزادجموں وکشمیر حکومت اور اسمبلی کو منتقل ہو گے ہیں اور آزادکشمیر حکومت زیادہ با اختیار اور مضبوط ہو گئی ہے۔

اس سے آزاد جموں وکشمیر کے اندر تعمیر و ترقی ، گڈ گورننس اور لوگوں کی خوشحالی کا دور دورہ ہو گا اور آزادحکومت تعلیم، صحت عامہ، زراعت، ٹورازم، مواصلات، توانائی اور دیگر صنعت و حرفت کے شعبوں پر خصوصی توجہ دے کر آزاد کشمیر میں ایک نئے دور کا آغاز کرے گی۔

(جاری ہے)

صدر سردار مسعود خان نے آزادکشمیر کی تمام سیاسی جماعتوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی صفوں میں مکمل اتفاق و اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے آزادکشمیر کے لوگوں کی تعمیر و ترقی و خوشحالی کے لئے مل جل کر کام کریں۔

انہوں نے کہا کہ اس ترمیم کے بعد آزادکشمیر اور پاکستان کی حکومت اور لوگوں کے درمیان مزید قربت ، اور ان کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید تقویت ملے گی اور ایک مضبوط آزادکشمیر کی حکومت ہی صحیح معنوں میں تحریک آزادی کشمیر کا بیس کیمپ ثابت ہو سکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف آج آزادکشمیر کی حکومت اور لوگ مزید با اختیار ، طاقت ور اور خوشحال ہو رہے ہیں لیکن دوسری طرف مقبوضہ کشمیر کے اندر ہندوستان نے لوگوں کی آزادی کو نہ صرف سلب کر رکھا ہے بلکہ ان پر ظلم و ستم کے پہاڑ ڈھا رہے ہیں ۔

ان کی زندگیوں کو اجیرن بنا کہ رکھ دیا گیا ہے۔ وہاں انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں۔ سیاسی قائدین کو پابند سلاسل کیا جا رہا ہے اور آزادی کا حق مانگنے پر کشمیری نوجوانوں کو گولیوں سے چھلنی کیا جاتا ہے۔ اس موقع پرصدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان اور وزیر اعظم آزاد جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان نے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی ان کی کابینہ کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیاجنہوں نے اس تیرہویں ترمیم کو یقینی بنایا۔