کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو طاقت کے بل پر دبایا نہیںجاسکتا ،ْمشترکہ حریت قیادت

بھارت نے کشمیر میں جبر و استبداد کی ساری حدیں پار کر دی ہیں ،ْپیپلز موومنٹ بھارت کو کشمیریوںکے خون ناحق کا ایک روزضرورحساب دینا پڑے گا ،ْ ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی

ہفتہ 2 جون 2018 16:43

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جون2018ء) مقبوضہ کشمیر میں سید علی گیلانی،میرواعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت نے بھارتی فورسز کی طرف سے جامع مسجد سرینگر کے باہر نہتے مظاہرین کیخلاف طاقت کے وحشیانہ استعمال اور قیصر بٹ نامی ایک نوجوان کو گاڑی کے نیچے کچل کر قتل اور ایک نوجوان محمد یونس کو زخمی کرنے کی شدید مذمت کی ہے۔

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق مشترکہ قیادت نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ گزشتہ ماہ کی چھ تاریخ کو بھی اسی طرح کے ایک المناک واقعہ میں بے لگام فورسز نے ایک نوجوان کو گاڑ ی کے نیچے لا کر بے دردی کے ساتھ شہید کر ڈالا تھا۔انہوں نے کہا کہ عوام کی حق و انصاف پر مبنی جدوجہد کو کچلنے کیلئے بلٹ اور پیلٹ کے وحشیانہ استعمال کے ساتھ ساتھ اب فوجی گاڑیوں سے بے دردی سے کچل کر کشمیریوں کا صفایا کیا جارہا ہے جو حق و انصاف پر یقین رکھنے والے ممالک کیلئے لمحہ فکریہ ہے ۔

(جاری ہے)

مشترکہ قیادت نے کہا کہ بھارتی فورسز کی کارروائیاںاب ناقابل برداشت ہوچکی ہیں۔ مشترکہ قیادت نے کہا کہ طاقت کے بل پر کسی قوم کے جذبہ مزاحمت کو ختم نہیں کیا جاسکتا اور نہ ظلم و زیادتی کیخلاف اٹھنے والی آوازوں کو بلٹ اور پیلٹ کے قہر سے خاموش کیا جاسکتا ہے۔ جموں کشمیر پیپلز مومنٹ کے چیئرمین میر شاہد سلیم نے بھی جموںمیں جاری ایک بیان میں جامع مسجد سرینگرکے باہر بھارتی پولیس کی ایک گاڑی کی طرف سے ایک کشمیری نوجوان کو روند کر مار ڈالنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے کشمیر میں جبر و استبداد کی ساری حدیں پار کر دی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پیلٹ اور گولیوں سے نوجوانوں کو قتل کرنے کے بعد اب انہیں گاڑیوں سے روند ا جار ہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے ماہِ صیام کے مقدس موقعے پر جس جنگ بندی کا اعلان کیا تھا اس کااطلاق زمینی سطح پر دور دور تک بھی نظر نہیں آرہا۔انہوں نے کہا کہ بھارت کو یہ بات ہر گز نہیں بھولنی چاہیے کہ ظلم و زیادتی سے وہ کشمیریوں کا جذبہ آزادی ہرگز دبا نہیں سکتا ۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری اپنے پیدائشی حق ، حق خود ارادیت کے لیے ایک پرامن سیاسی تحریک چلا رہے ہیں جس کا وعدہ ان کے ساتھ عالمی برادری نے کر رکھا ہے۔ جموںوکشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے بھی بھارتی فورسز کی طرف سے انسانی حقوق کی بڑھتی ہوئی خلاف ورزیوں پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پر امن مظاہرین کو گاڑیوںکی زد میں لا کر قتل کرنا اس حقیقت کو ظاہر کر رہا ہے کہ بھارتی فورسز کو نہتے کشمیریوں کے قتل کی کھلی چھٹی دی گئی ہے۔

پارٹی ترجمان نے ایک بیان میں قیصر امین بٹ کو گاڑی کے نیچے لا کو قتل کرنے کے بھارتی سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے وحشیانہ اقدام کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کو کشمیریوں خون ناحق کا ایک روزضرور حساب دینا پڑے گا۔ ترجمان نے عالمی برادری سے اپیل کی وہ نہتے کشمیریوں بھارتی مظالم کا نوٹس لے۔