آئین کے مطابق بروقت انتخابات کے علاوہ کوئی آپشن نہیں ‘لیاقت بلوچ

کاغذات نامزدگی اور حلقہ بندیوں پر عدالتی حکم کے مطابق درستگی قابل حل عمل ہے ، کوئی پیچیدگی نہیں

ہفتہ 2 جون 2018 16:46

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جون2018ء) جماعت اسلامی پاکستان اور متحدہ مجلس عمل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ معرکہ بدر حق و باطل میں واضح امتیاز اور کفر و اسلام کا پہلا معرکہ تھا جس نے پوری دنیا میں عیاں کردیا کہ حق کیاہے اور باطل کیاہے ،میدان جنگ میں ایمان کی طاقت اہل ایمان کا سب سے بڑا سرمایہ ہے ،فتح بدر کے بعد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ اللہ اور رسولؐ کی اطاعت کرو، اللہ اپنا وعدہ پورا کرے گا ۔

اسلام ہی غالب رہے گا۔شاہ کمال میں بڑی عوامی افطاری کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہاکہ انتخابات 2018 ء چوتھا مسلسل پانچ سالہ انتخاب ہے ۔عوام کا جمہوری شعور ظلم کی زنجیریں کاٹے گا ۔ سیاست پر قابض مفاد پرست ، کرپٹ ٹولوں ، دھڑوں سے عوام اپنی جرأت سے نجات پالیں گے ۔

(جاری ہے)

محبان دین سیکولر سیاست کی دہلیز پر سجدہ ریزی سے انکار کردیں ۔

انہوںنے کہاکہ نگران وزیراعظم جسٹس ناصر الملک اور چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار کا 25 جولائی کو بروقت انتخابات کا اعلان حوصلہ افزا ہے ۔ آئین کے مطابق بروقت انتخابات کے علاوہ کوئی آپشن نہیں ۔ کاغذات نامزدگی اور حلقہ بندیوں پر عدالتی حکم کے مطابق درستگی قابل حل عمل ہے ، کوئی پیچیدگی نہیں ۔ ریاستی مشینری ان احکامات پر فوری عمل کرے اور بروقت انتخابات یقینی بنائے ۔ افطار پروگرام سے احمد سلمان بلوچ ، میاں ریاض احمد ، محمد آصف بھٹی اور دیگر رہنمائوں نے بھی خطاب کیا ۔ اس موقع پر علاقہ کی معروف سیاسی سماجی شخصیت چوہدری عاشق کے بھائی کے انتقال پر دعائے مغفرت کی گئی ۔