سپیشل کمیٹی آف ایکسپرٹس کے چیئرمین جسٹس (ر)سید زاہد حسین کا جی پی او چوک، سپر یم کورٹ کے علاقے کا دورہ

ہفتہ جون 16:46

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 جون2018ء) سپریم کورٹ آف پاکستان کے حکم پر لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین پراجیکٹ کے لئے بنائی گئی کی سپیشل کمیٹی آف ایکسپرٹس کے چیئرمین جسٹس (ر)سید زاہد حسین نے گزشتہ روز جی پی او چوک‘ سپر یم کورٹ لاہور رجسٹری‘ شاہ چراغ بلڈنگ‘سینٹ اینڈریوز چرچ اور بابا موج دریا کے مزار کے احاطے کا دورہ کیا ‘ علاقے میں جاری سڑکوں کے تعمیراتی کام کا معائنہ کیا اور ایل ڈی اے افسران کو اس سلسلے میں ضروری ہدایات دیں ۔

پراجیکٹ ڈائریکٹر حماد الحسن ‘ ڈپٹی ڈائریکٹر محمد اسد اور دیگر متعلقہ افسران بھی اس موقع پر ان کے ہمراہ تھے۔اس موقع پرجسٹس (ر)سید زاہد حسین نے ہدایت کی کہ کسی بھی قسم کے حادثے سے بچنے کے لئے سپریم کورٹ رجسٹری کی بیرونی دیوار اور فٹ پاتھ کے درمیان گرین بیلٹ کے لئے مختص جگہ جس کی سطح فٹ پاتھ سے نیچے ہے‘ اس پر مٹی ڈال کر اس کی سطح فٹ پاتھ کے برابر کی جائے ۔

(جاری ہے)

نابھہ روڈ سے شاہ چراغ بلڈنگ کی طرف جانے والی سڑک کی خستہ حالی اور نا ہمواری کے پیش نظر مذکورہ سڑک کو بہتر بنایا جائے ۔ سپریم کورٹ رجسٹری او رجی پی اوکے باہر مین روڈ کی تعمیر کا بڑا کام مکمل ہو چکا ہے ‘ اس لئے ان عمارتوں پر سے سبز ترپال اور شٹرنگ کی شیٹیں ہٹا دی جائیں۔ایل ڈی اے کی طرف سے سینٹ اینڈریو ز چرچ کے اندر مرمت و بحالی کا کام جاری ہے ۔

چرچ کے پادری نے اس پر اطمینان کا اظہار کیا -مزار با باموج دریا کو جانے والے راستے میں گرد و غبار کے پیش نظر جسٹس (ر)سید زاہد حسین نے فوری طور پر اس راستے کی تعمیر شروع کرنے اور مزار کے احاطے میں مسجد کی تعمیر نو کا کام شروع کرنے کی ہدایت کی ۔کمیٹی کے چیئر مین نے ایل ڈی اے کو ہدایت کی کہ کام تیزی سے جاری رکھا جائے اور اسے جلد از جلد مکمل کیا جائے ۔