یوم علی کے حوالے سے چئیرمین بلدیہ شرقی کی زیر صدارت اجلاس

ہفتہ جون 16:46

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 جون2018ء) چیئرمین بلدیہ شرقی معید انور کی زیرصدارت یوم علی کے انتظامات کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں علمائے کرام، منتظمین ، میونسپل کمشنر بلدیہ شرقی اختر علی شیخ سمیت بلدیہ شرقی کے تمام متعلقہ محکمہ جاتی افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں یوم علی کے حوالے سے قبل از وقت انتظامات یقینی بنانے کیلئے مختلف امور زیر غور لائے گئے، منتظمین جلوس ومجالس کی جانب سے بلدیاتی انتظامات کروانے پر زور دیا گیا انہوں نے روشنی کا انتظام ، سڑکوں کی استرکاری ، صفائی و ستھرائی ، درختوں کی چھٹائی ، تجاوزات کے خاتمے ، گاڑیوں کی پارکنگ اور ونچنگ کے ذریعے سیوریج مسائل دور کرنے کے حوالے سے علاقوں اور مرکزی جلوس کے راستوں پر بلدیاتی خدمات فراہم کرنے کی گزارش کی گئی۔

(جاری ہے)

جن میں بالخصوص جلوس و مجالس کے مقامات نشتر پارک اور ایم اے جناح روڈ پر خصوصی صفائی و ستھرائی یقینی بنانے کیلئے کہا گیا۔ چیئرمین بلدیہ شرقی معید انور نے کہا کہ اجلاس بلانے کا مقصد یہ ہے کہ منتظمین جلوس ومجالس اپنی قیمتی آرا سامنے رکھ سکیں تاکہ اس کو سامنے رکھتے ہوئے ہنگامی بنیاد پر اقدامات کو یقینی بنایا جا سکے جو بلدیاتی خدمات فراہم کرنے کا کہا گیا ہے اسے یقینی بنایا جائیگا جو خدمات کسی اور محکمے کے دائرہ اختیار میں ہیں انہیں بھی آن بورڈ لیکر خدمات کی فراہمی میں اپنا کردار ادا کریں گے اس موقع پر چیئرمین بلدیہ شرقی نے موقع پر موجود افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ یوم علی کے منتظمین کی جانب سے اٹھائے گئے مسائل کے حل کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات یقینی بنائے جائیں۔