Live Updates

ریحام خان نے عمران خان کا بلیک بیری چوری کیا

ریحام خان نے بہت سے الزامات عائد کیے جس پر میں نے ان کا ساتھ چھوڑ دیا ۔ قریبی ساتھی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 2 جون 2018 17:22

ریحام خان نے عمران خان کا بلیک بیری چوری کیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 02 جون 2018ء) : پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان کی دوسری سابقہ اہلیہ ریحام خان کی کتاب آج خبروں کی زینت بنی ہوئی ہے۔ ریحام خان کی کتاب سے متعلق ان کے قریبی ساتھی اوران کے سابق پروڈیوسر مبین رشید نے کہا کہ ریحام خان نے عمران خان کا بلیک بیری چوری کیا۔ مبین رشید نے الزام عائد کیا کہ ریحام خان عمران خان کا بلیک بیری چوری کر کے اپنے ساتھ لندن لے آئی تھیں۔

ریحام خان نے بلیک بیری کا ڈیٹا مختلف جگہوں پر کاپی کیا تھا،میں تین ماہ تک مسلسل ریحام خان سے رابطے میں رہا، ریحام خان کی کتاب میں عمران خان سے متعلق بہت سے الزامات تھے اور یہی وجہ تھی کہ میں نے ریحام خان کا مزید ساتھ نہیں دیا۔ نجی ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے مبین رشید نے مزید کہا کہ ریحام خان اور عمران خان کی طلاق ہوئی ،طلاق کے بعد ریحام خان نے عمران خان کا بلیک بیری چوری کیا اور اسے لندن لے آئیں۔

(جاری ہے)

عمران خان کے بلیک بیری میں ان کی کافی ذاتی معلومات اور ڈیٹا موجود تھا۔ ریحام خان نے عمران خان کا بلیک بیری اپنے ساتھ لندن لے جانے سے متعلق مجھے بتایا تھا، اور یہ سن کر مجھے حیرت ہوئی۔ میں نے ان سے دریافت کیا کہ ایسا کیسے ممکن ہے؟ جس پر ریحام خان نے اپنے مخصوص انداز میں مُسکرا کر مجھے کہا کہ تم مجھے جانتے نہیں ہو۔ مبین رشید نے کہا کہ ریحام خان بطور مہمان میری منعقد کی گئی میڈیا کانفرنسز میں شرکت کے لیے آئی تھیں، اور ان کی ٹی وی چینل پر جو نوکری تھی وہ بھی میں نے ہی ان کو دلوائی تھی۔

کتاب لکھنے کا فیصلہ ہمارا دونوں کا تھا لیکن کتاب لکھنے کے دوران ایک ایسا مرحلہ آیا جہاں مجھے احساس ہوا کہ ریحام خان عمران خان کی ساکھ کو متاثر کرنا چاہتی ہیں، مجھے احساس ہوا کہ شاید یہ عمران خان کی کردار کشی کی منصوبہ بندی ہے اور اس کتاب کو لکھنے کا مقصد کچھ اور ہی ہے جس کی وجہ سے میں نے ان کا مزید ساتھ دینے سے انکار کر دیا۔ میں نے ان کی کتاب لکھنے سے انکار کیا جس کے بعد وہ خود ہی اپنی کتاب مکمل کر رہی ہیں۔

خیال رہے کہ آج صبح پاکستانی اداکار حمزہ علی عباسی نے نئے انکشافات کیے اور کہا کہ ریحام خان کی کتاب میں عمران خان کو دنیا کا سب سے بڑا شیطان اور شہباز شریف کو زبردست انسان کہا گیا۔حمزہ علی عباسی نے بتایا کہ ریحام خان کی کتاب میں پی ٹی آئی کے دھرنے کو اسٹیبلشمنٹ کا منصوبہ قرار دیا گیا ہے۔ جبکہ 75 فیصد کتاب ناقابل بیان ہے اور اسے کسی طور بیان نہیں کیا جا سکتا۔

حمزہ نے بتایا کہ ریحام خان کی کتاب میں شہباز شریف کی بہت تعریفیں کی گئی ہیں۔ ٹویٹر پیغام میں حمزہ علی عباسی کا کہنا تھا کہ کتاب کے متن کا خلاصہ یہ ہے کہ عمران خان دنیا کے بد ترین اور ذلیل ترین آدمی ہیں، اور ریحام خان صاحبہ دنیا کی بہترین خاتون بھی ہیں اور دنیا کی بہترین ماں بھی ہیں.
حمزہ علی عباسی نے کہا کہ دکھ کی بات یہ ہے کہ ریحام خان نے اپنی کتاب میں خان صاحب کے بیٹوں تک کو نہیں چھوڑا۔

عمران خان کے بیٹے سلیمان کے بارے میں لکھا ہے کہ وہ خود اعتمادی سے محروم ہے، ذہنی طور پر مفلوج بچہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس کتاب میں بچوں کی والدہ کو بھی نہیں چھوڑا ، یہاں تک لکھا گیا کہ خان صاحب بچپن میں کہتے تھے کہ میں بڑا ہو کر اپنے والد کو قتل کر دوں گا۔ کتاب میں جمائمہ سے متعلق بھی لغو زبان استعمال کی گئی، حمزہ علی عباسی نے کہا کہ ریحام خان کی کتاب کے متن کا مجھ تک پہنچنا ایک راز ہے تاہم نامور پبلشر نے ریحام خان کی کتاب کو شائع کرنے سے انکار کر دیا ہے۔

ریحام خان کی پوری کتاب عمران خان کے قول و فعل کے گرد گھومتی ہے۔ اسی لیے جب بھی آپ کسی پبلشر کے پاس جاتے ہیں تو وہ آپ سے ثبوت مانگتا ہے کہ آپ نے کتاب میں جو کچھ لکھا ہے کیا آپ کے پاس اس کا کوئی ثبوت ہے؟ جس کا جواب یقینی طور پر ریحام خان نے ''نہ'' میں دیا ہو گا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات