ضلع سرگودہا میںپراپرٹیز کی ویلیوایشن ٹیبل پر اعتراضات کیلئے دو دن کی مہلت دے دی گئی

ہفتہ 2 جون 2018 17:57

سرگودھا۔2 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جون2018ء)ضلع سرگودہا میں مختلف لوکیشن پر واقع پراپرٹیز کی ویلیوایشن ٹیبل مقرر کر کے اس پر اعتراضات کیلئے دو دن کی مہلت دے دی گئی ہے ۔ ویلیوایشن ٹیبل مقررکرنے کے حوالہ سے ایک اجلاس ڈپٹی کمشنر لیاقت علی چٹھہ کی زیر صدارت کانفرنس ہال میں منعقد ہوگا۔ اجلاس میں میئر میونسپل کارپوریشن ملک اسلم نوید ‘ اے ڈی سی آر طارق خان نیازی ‘سب رجسٹرار حافظ عبدالمنان بیگ ‘اسسٹنٹ کمشنر عدنان شہزادکے علاوہ ملک خضرحیات اعوان ‘ ناصر محمود سہگل اور دیگر نے بھی شرکت کی۔

ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ ویلیو ایشن ٹیبل کے مطابق مختلف مقامات پر واقع پراپرٹیز کی قیمتوں کا از سر نو جائزہ لے کر اتفاق رائے سے قیمت مقرر کی جارہی ہے ۔ اگر کسی کو ان قیمتوں پر اعتراض ہو تو اسے اعتراض داخل کرنے کیلئے دو دن کی مہلت دی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ملبہ ٹیکس میںغیر معمولی اضافہ پر اعتراض کرتے ہوئے ملبہ ٹیکس کو حقیقت پر مبنی از سر نو مقرر کرنے کی ضرورت پر زور دیاگیا۔

ڈپٹی کمشنر نے اس مسئلہ کو مبنی برحقائق مقرر کرنے سے اتفاق کیا ۔ اجلاس میں سب رجسٹرار حافظ عبدالمنان بیگ کی دیانتداری ‘ خوش اخلاقی اور کام کی ڈسپوزل پر انہیںخراج تحسین پیش کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ سب رجسٹراراوریہاں کا رجسٹریشن آفس صوبہ بھر کیلئے مثالی حیثیت رکھتے ہیں ۔جس پر عوام الناس نے بھر پور اعتماد کا اظہار کیاہے جبکہ صوبے کے دیگر اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اس دفتر کی طرز پر اپنے اپنے اضلاع میں رجسٹری آفس بنانے کیلئے کوشاں ہیں۔