نالہ لئی کی صفائی وسط جون میں مکمل کرنے کے لیے کام کی رفتار تیز

1200 مربع فٹ طویل حفاظتی دیوار کی تعمیر کاکام بھی اختتامی مرحلے میں داخل

ہفتہ 2 جون 2018 18:04

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جون2018ء) واٹر اینڈ سینی ٹیشن ایجنسی (واسا )راولپنڈی کے مینجنگ ڈائریکٹر راجہ شوکت محمود نے کہاہے کہ نالہ لئی کی صفائی اور 1200 مربع فٹ طویل حفاظتی دیوار کی تعمیر کاکام وسط جون تک مکمل کر لیا جائے گا ۔’’اے پی پی‘‘ کو دیئے گئے انٹرویو میں راجہ شوکت محمود نے بتایاکہ نالہ لئی کی صفائی کا کام تیزی سے جاری ہے اور روزانہ کی بنیاد پر کئی ٹن کچرا نالہ لئی سے نکالا جا رہاہے ۔

انہوںنے بتایاکہ نالہ لئی کی حفاظتی دیوار اس وقت 900مربع فٹ تعمیر کر لی گئی ہے ۔جسے جلد مکمل کر کے طغیانی سے بچائو کے اقدامات مکمل کر لیے جائیں گے۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں قومی خبر ایجنسی کو بتایاکہ نالہ لئی کے گرد و نوح میں واقع نشیبی علاقوں کو سیلابی پانی سے بچائوکے نالہ لئی کی مکمل صفائی کا کام بھی جاری ہے ۔

(جاری ہے)

جس کے تحت نالہ لئی کی صفائی جون کے وسط تک مکمل کر لی جائے گی ۔

مینجنگ ڈائریکٹر واسا راجہ شوکت محمود نے اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے شہریوں پر زور دیاکہ نالہ لئی کے نشیبی علاقوں میں رہائش پذیر افراد کوڑا کرکٹ نالہ لئی میں پھینکنے سے گریز کریں تاکہ نالہ لئی کی روانی برقرار رہ سکے ۔انہوں نے کہاکہ شہریوں کو نالہ لئی کو صاف ستھرا رکھنے میں واسا کے ساتھ تعاون کرنا چاہیے اور کوڑا کرکٹ مختص مقامات پر ہی پھینکنا چاہیے ۔

انہوں نے کہاکہ سیلاب کی تباہ کاریوں سے بچائو میں شہریوں کا کلیدی کردا ر ہوتا ہے اور وہ اپنا یہ کردار شہری ذمہ داریاں پوری کر کے ادا کر سکتے ہیں ۔قومی خبر ایجنسی سے بات چیت کرتے ہوئے ایم ڈی واسا راجہ شوکت محمود نے کہاکہ نالہ لئی سے کچرے کو اٹھانے کے ساتھ ساتھ نالہ لئی کو چوڑا اور گہرا بھی کیا جارہا ہے تاکہ کسی بھی سیلابی صورتحال سے بچا جا سکے ۔

انہوں نے کہاکہ گوالمنڈی کے علاقے میں نالہ لئی کی صفائی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے کیونکہ یہ گنجان آباد علاقہ ہے اور اس مقام پر بڑی مقدار میں کوڑا کرکٹ جمع ہے ۔انہوں نے کہاکہ صدر روڈ ،ڈھوک چراغ دین ،پیرودھائی ،نیوکٹاریاں اور ڈھوک نجو کے علاقے بھی خطرناک ہیں تاھم ان مقامات کی صفائی کا کام بھی جاری ہے اور ان علاقوں سے نالہ لئی کی مکمل صفائی کے کام کو جلد نمٹا لیا جائے گا ۔ایک سوال کے جواب میں ایم ڈی واسا نے اے پی پی کو بتایا نالہ لئی کی صفائی اور حفاظتی دیوار کی تعمیر کے دونوں منصوبوں پر 160ملین روپے لاگت آئے گی ۔

متعلقہ عنوان :