نگران وزیر اعلیٰ کے انتخاب کے لیے قائم کمیٹی پارلیمانی نہیں دوجماعتوں کی کمیٹی ہے ،عنایت اللہ

اب یہ دوجماعتیں مزید وقت ضائع کرنے کے بجائے معاملہ الیکشن کمیشن کو بھیجیں، سابق سینئر وزیر بلدیات

ہفتہ 2 جون 2018 18:27

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جون2018ء) سابق سینئر وزیر بلدیات عنایت اللہ خان نے کہا ہے کہ نگران وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے لیے بنائی گئی کمیٹی پارلیمانی نہیں بلکہ دو جماعتوں کی کمیٹی ہے۔ ان دوجماعتوں کے پاس لامحدود وقت تھا کہ وہ متفقہ وزیراعلیٰ لائے لیکن وہ ناکام رہے۔ اب یہ دوجماعتیں مزید وقت ضائع کرنے کے بجائے معاملہ الیکشن کمیشن کو بھیجے۔

(جاری ہے)

ایک بیا ن میں سابق سینئر وزیر عنایت اللہ خان نے کہا کہ پارلیمانی کمیٹی میں صوبائی اسمبلی میں موجود تمام سیاسی جماعتوں کو نمائندگی ملنی چاہیے تھی اب اگر یہ دو جماعتوں کوئی فیصلہ کرتی ہے تو تمام سیاسی جماعتیں اس کو مسترد کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایک مرتبہ حکومت اور اپوزیشن کا ایک نا م پر اتفاق اور اس کے بعد اس نام کو واپس لینا انتہائی غیر سنجیدہ طرز عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی قیادت کو مثبت وڑن کے تحت ملکی مفاد میں فیصلے کرنے ہوں گے۔ملک میں بروقت انتخابات ناگزیر ہیں۔خوش اسلوبی سے اقتدار کی منتقلی سے ہی ملک میں بہتری آئے گی۔ملک وقوم مزیدکسی بھی عدم استحکام کے متحمل نہیں ہوسکتے۔