چیف جسٹس کی ہدایت پر قائم کمیشن نے لاہور کے ذہنی امراض کے ہسپتال سے متعلق رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرا دی

ہفتہ 2 جون 2018 18:44

چیف جسٹس کی ہدایت پر قائم کمیشن نے لاہور کے ذہنی امراض کے ہسپتال سے ..
لاہور۔2 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جون2018ء) چیف جسٹس کی ہدایت پر قائم کمیشن نے لاہور کے ذہنی امراض کے ہسپتال سے متعلق رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرا دی، کمیشن نے ہسپتال کو اپ گریڈ کرنے، توسیع کرنے، بچوں کے وارڈکو قائم کرنے اور انسدادمنشیات وارڈ کو فعال بنانے کی سفارش کر دی۔کمیشن کے سربراہ میاں ظفر اقبال کلانوری کی سربراہی میں قائم کمیشن نے ہفتہ کو سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں رپورٹ جمع کراتے ہوئے ہسپتال کی اراضی سروسز ہسپتال کے ڈاکٹرز کے لئے مخصوص کرنے پر تحفظات کا اظہار کر دیا۔

(جاری ہے)

کمیشن نے ہسپتال کی عمارت کی تزئین و آرائش کے نام پر فنڈز کے غلط استعمال کی نشاندہی کی ہے، کمیشن نے پرانے انسداد منشیات وارڈ کو مزید بہتر بننے اور نئے انسداد منشیات وارڈ کو فعال بنانے کی سفارش کی ہے، کمیشن نے ہسپتال میں ڈاکٹرز،پیرامیڈیکل سٹاف اور عملے کی کمی دور کرنے، کنٹریکٹ عملے کو مستقل کرنے جبکہ ہسپتال کو ٹیچنگ ہسپتال کا درجہ دینے کی سفارش کی ہے، کمیشن نے داخل مریضوں کوطبی سہولیات فراہم کرنے کے لئے سٹیٹ آف دی آرٹ میڈیکل وارڈبنانے اور ہسپتال کو مزید توسیع دینے کی سفارش کر دی، کمیشن نے ان ڈور اور آوٹ ڈور مریضوں کو ادویات اور ٹیسٹوں کی مفت سہولت کو یقینی بنانے اور دی جانے والی خوراک میں بہتری پیدا کرنے کی سفارش کردی، کمیشن نے ذہنی امراض کے مریضوں کو گھروں سے لانے اور ان کی نگہداشت کے لئے سپیشل فورس،ایمبولینسیوں،مخصوص گاڑیوں کی خریداری کی سفارش کی ہے،ہسپتال کے فرسودہ ائیرکنڈیشنز اور جنریٹرز کو تبدیل کرنے کی سفارش کی ہے ۔