سپریم کورٹ نے اصغر خان کیس میں سابق وزیراعظم نواز شریف، جاوید ہاشمی اور عابدہ حسین سمیت21 افراد کو نوٹس جاری کردیئے

ہفتہ جون 18:44

سپریم کورٹ نے اصغر خان کیس میں سابق وزیراعظم نواز شریف، جاوید ہاشمی ..
لاہور۔2 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 جون2018ء) سپریم کورٹ آف پاکستان نے ایئر مارشل ریٹائرڈ اصغر خان عملدرآمد کیس کی سماعت کے دوران پیسے وصول کرنے والے سابق وزیراعظم نواز شریف،، سینئر سیاستدان جاوید ہاشمی اور عابدہ حسین سمیت21 سویلینز کو نوٹس جاری کردیئے۔ عدالت نے انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کے سابق سربراہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) اسد درانی سمیت کیس سے متعلقہ آرمی افسران، ڈی جی نیب اور ڈی جی ایف آئی اے کو بھی نوٹس جاری کر دیئے ۔

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے خصوصی بینچ نے ہفتہ کو لاہور رجسٹری میں اصغر خان عملدرآمد کیس کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران اٹارنی جنرل اشتر اوصاف نے وفاقی کابینہ کے فیصلے سے متعلق ایک سربمہر رپورٹ عدالت میں پیش کی اور ساتھ ہی درخواست کی کہ حساس نوعیت کا معاملہ ہونے کی بناء پر رپورٹ کو دوبارہ سیل کردیا جائے، جس پر عدالتی عملے نے رپورٹ کو سربمہر کردیا۔

(جاری ہے)

اٹارنی جنرل نے سپریم کورٹ کو آگاہ کیا کہ کابینہ نے عدالتی فیصلے پر عملدرآمد کا فیصلہ کرتے ہوئے ایف آئی اے کو تفتیش جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔اس موقع پر چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ پیسے وصول کرنے والوں سے رقم کی واپسی کا کیا طریقہ کار بنایا گیا ہی سماعت کے بعد عدالت نے نواز شریف،، عابدہ حسین، جاوید ہاشمی سمیت 21 سویلین، اسد درانی سمیت کیس سے متعلقہ آرمی افسران اور ڈی جی نیب اور ایف آئی اے کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت 6 جون تک ملتوی کردی۔