الیکشن کمیشن کا بلوچستان اور لاہورہائیکورٹ کے فیصلوں پر سپریم کورٹ جانے کا اعلان

عام انتخابات 25 جولائی کو ہی ہوں گے، اس حوالے سے ریٹرننگ افسران کو تازہ ہدایات جاری کی جائیں گی، عدالت کے تازہ فیصلے کے بعد ہی کمیشن کوئی حتمی فیصلہ کرے گا، الیکشن شیڈول میں دو سے تین دن کی گنجائش موجود ہے، الیکشن کمیشن نے حالیہ ٹرانسفر اور پوسٹنگز کا نوٹس لیا ہے، سندھ میں الیکشن کمیشن کی اجازت کے بغیر سینئر افسر کی تعیناتی کی گئی،کوئی بھی نگران حکومت یا اتھارٹی الیکشن ایکٹ کے تحت الیکشن کمیشن کی اجازت کیبغیر کوئی ٹرانسفر پوسٹنگ نہیں کرسکتی ایڈیشنل سیکرٹری الیکشن کمیشن اختر نذیر کی میڈیا سے گفتگو

ہفتہ جون 20:03

الیکشن کمیشن کا بلوچستان اور لاہورہائیکورٹ کے فیصلوں پر سپریم کورٹ ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 جون2018ء) الیکشن کمیشن نے بلوچستان اور لاہور ہائیکورٹ کے فیصلوں کے خلاف سپریم کورٹ جانے کا اعلان کر تے ہوئے کہا ہے کہ عام انتخابات 25 جولائی کو ہی ہوں گے، اس حوالے سے ریٹرننگ افسران کو تازہ ہدایات جاری کی جائیں گی، عدالت کے تازہ فیصلے کے بعد ہی کمیشن کوئی حتمی فیصلہ کرے گا، الیکشن شیڈول میں دو سے تین دن کی گنجائش موجود ہے، الیکشن کمیشن نے حالیہ ٹرانسفر اور پوسٹنگز کا نوٹس لیا ہے، سندھ میں الیکشن کمیشن کی اجازت کے بغیر سینئر افسر کی تعیناتی کی گئی ۔

تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ میں الیکشن کمیشن کا اجلاس منعقد ہوا، اجلاس کی صدارت چیف الیکشن کمشنر نے کی، تمام معزز ممبران الیکشن کمیشن،، سیکرٹری الیکشن کمیشن اور دوسرے افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں حال ہی میں نامزدگی فارم اور حلقہ بندیوں کے حوالے سے عدالتی احکامات کے نتیجے میں ان کے الیکشن پر ہونے والے اثرات کا کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، اس کے علاوہ الیکشن کے سلسلے میں دیگرامور جن میں سرکاری افسران کی پوسٹنگ و تعیناتی شامل ہے بھی زیر غور آئے، تفصیلی بحث و تمحیض کے بعد الیکشن کمیشن نے مندرجہ فیصلے اور احکامات دیئے ہیں۔

لاہور ہائی کورٹ لاہور کے نامزدگی کے فارم کے حوالے سے کل کے فیصلہ کے خلاف الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سپریم کورٹ میں جانے کا فیصلہ کیا ہے۔۔بلوچستان ہائی کورٹ نے کوئٹہ کی 8صوبائی اسمبلی کی حلقہ بندیوں کو کالعدم کر دیا تھا، الیکشن کمیشن نے اس فیصلے کے خلاف بھی فوری طور پر سپریم کورٹ میں رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان حالات کے پیش نظر الیکشن کمیشن نے ہدایات جاری کی ہیں کہ ملک بھر سے تمام ریٹرننگ آفیسرز مورخہ4جون 2018بروز پیر تک نامزدگی فارمز وصول نہیں کریں گے، تاہم عام انتخابات کا انعقاد 25جولائی کو ہی ہو گا۔

عدالت عظمیٰ کے فیصلہ یا حکم کے بعد ریٹرننگ آفیسرز کو تازہ ہدایات جاری کی جائیں گی۔ الیکشن کمیشن نے حال ہی میں ہونے والی تعیناتیوں پر سختی سے نوٹس لیا ہے، الیکشن کمیشن نے اس سلسلے میں متعلقہ حکومتوں سے وضاحت طلب کی ہے، کمیشن ایسی تمام تقرریوں اور تعیناتیوں کا جائزہ لے کر حتمی احکامات جاری کرے گا، کوئی بھی نگران حکومت یا اتھارٹی الیکشنز ایکٹ کے تحت الیکشن کمیشن کی پیشگی اجازت کے بغیر کسی بھی سرکاری ملازم کی تعیناتی یا تبادلہ نہیں کر سکتی۔

الیکشن کمیشن الیکشن 2018کے حوالے سے سول اور پولیس افسران کے مرکز اور صوبوں یا بین الصوبائی تبادلوں اور تعیناتیوں کے حوالے سے اگلے دو تین روز میں احکامات جاری کرے گا۔اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے ایڈیشنل سیکریٹری الیکشن کمیشن اختر نذیر نے کہا کہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ 3 اور 4 جون کو کاغذات نامزدگی وصول نہیں کریں گے اہم ملک میں عام انتخابات 25 جولائی کو ہی ہوں گے، اس حوالے سے ریٹرننگ افسران کو تازہ ہدایات جاری کی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ حلقہ بندیوں اور کاغذات نامزدگی سے متعلق لاہور ہائیکورٹ اور بلوچستان ہائیکورٹ کے فیصلوں کے خلاف سپریم کورٹ جارہے ہیں، اب عدالت کے تازہ فیصلے کے بعد ہی کمیشن کوئی حتمی فیصلہ کرے گا۔ایک سوال کے جواب میں ایڈیشنل سیکریٹری کا کہنا تھا کہ الیکشن شیڈول میں دو سے تین دن کی گنجائش موجود ہے۔اختر نذیر نے کہاکہ الیکشن کمیشن نے حالیہ ٹرانسفر اور پوسٹنگز کا نوٹس لیا ہے، سندھ میں الیکشن کمیشن کی اجازت کے بغیر سینئر افسر کی تعیناتی کی گئی، اس حوالے سے متعلقہ حکومتوں سے وضاحت طلب کی ہے اور کمیشن ایسی تمام تقرریوں اور تبادلوں کا جائزہ لے کر حتمی احکامات جاری کریگا۔

انہوں نے کہا کہ کوئی بھی نگران حکومت یا اتھارٹی الیکشن ایکٹ کے تحت الیکشن کمیشن کی اجازت کیبغیر کوئی ٹرانسفر پوسٹنگ نہیں کرسکتی۔