سرکاری ہسپتالوں میں نومولود بچوں کے اغواء کے واقعات کی روک تھام کیلئے ریڈیوفریکونسی ٹیگ سسٹم استعمال کرنے کا فیصلہ

ٹیگ کیوجہ سے بچے کوجیسے ہی مخصوص ایریا سے باہرلیجانے کی کوشش کی جائے گی خودکار سسٹم کے تحت الرٹ جاری ہوگا ‘اغواء کے واقعات روکے جاسکیں گے

ہفتہ 2 جون 2018 20:03

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 02 جون2018ء) پنجاب کے بڑے سرکاری ہسپتالوں میں نومولود بچوں کے اغواء کے واقعات کی روک تھام کے لیے ریڈیوفریکونسی ٹیگ سسٹم استعمال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، ابتدائی طورپرلاہورکے سروسز ہسپتال میں نومولودبچے اوراس کی والدہ کوجدیدٹیگ لگائے جائیں گے۔ سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نے سرکاری ہسپتالوں میں نومولود بچوں کے اغوا ء کے بڑھنے ہوئے واقعات کی روک تھام کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کا فیصلہ کیاہے ، نومولود بچے اوراس کی والدہ کی کلائی پر ریڈیو فریکونسی پر مبنی ٹیک لگائے جائیں گے ، دونوں ٹیگ ایک ہی فریکونسی پر ہوں گے جسے ہسپتال کے مرکزی مانیٹرنگ سسٹم سے منسلک کیاجائے گا۔

صوبائی محکمہ صحت پنجاب کے حکام کے مطابق ابتدائی طور پر لاہور کے سروسز اسپتال میں یہ سسٹم نصب کیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

سروسزانسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسزکے پرنسپل محمود ایاز نے اس منصوبے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ سمز کے گائنی اور پیڈیاٹرک وارڈز میں ریڈیوفریکونسی ٹیگ سسٹم لگایا جارہا ہے، اس سے قبل نومولود بچے اوراس کی والدہ کی کلائی پرایک نمبرکا پلاسٹک سے بناہوا ٹیک لگایا جاتا ہے تاہم اب جدید ریڈیوفریکونسی ٹیگ لگایا جائے گا، اس ٹیگ کی وجہ سے بچے کوجیسے ہی مخصوص ایریا سے باہرلے جانے کی کوشش کی جائے گی خودکار سسٹم کے تحت الرٹ جاری ہوگا اورسارن بجنے لگے گا۔

انہوں نے امید ظاہرکی ہے کہ اس سسٹم سے نومولودبچوں کے اغواء کے واقعا ت میں کمی آئے گی ۔ ماضی میں نومولودبچوں کے اغواء کی روک تھام کے لیے سی سی کیمروں کی مددلی جاتی رہی ہے تاہم اس سے کوئی خاطرخواہ نتائج حاصل نہیں ہوپارہے تھے۔بھارت سمیت کئی ممالک میں بچوں کی حفاظت کے لئے جدیدسسٹم استعمال کیاجارہا ہے جبکہ پاکستان کے کئی نجی اسپتالوں میں بھی الیکٹرانک ٹیگ استعمال کئے جارہے ہیں۔