محکمہ برقیات کی غفلت فرسٹ ایئر کا طالب علم کرنٹ لگنے سے جاں بحق

ورثاء کا متوفی کی نعش شاہرائے نیلم پر رکھ کر احتجاج‘ متعلقہ اہلکاروں کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ

ہفتہ 2 جون 2018 20:17

آٹھ مقام (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 02 جون2018ء) محکمہ برقیات کی غفلت فرسٹ ایئر کا طالب علم کرنٹ لگنے سے جاں بحق، ورثاء کا متوفی کی نعش شاہرائے نیلم پر رکھ کر احتجاج، متعلقہ اہلکاروں کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ، انتظامیہ کی قانونی کاروائی کی یقین دہانی پر احتجاج ملتوی، متفقی کی آبائی قبرستان میں تدفین۔ تفصیلات کے مطابق ضلع آٹھمقام کے نواحی علاقہ دنجر کے رہائشی منظر بٹ ولد افسر بٹ گھر کی طرف جا رہا تھا کہ راستہ میں بجلی کے کھمبے کے ارتھ ہونے کی وجہ سے متوفی کرنٹ لگنے سے موقع پر جاں بحق ہو گیا ہے۔

مرحوم منظر بٹ کی عمر16 سال تھی اور گیارھویں کلاس کا طالب علم تھا۔ نوجوان کی ہلاکت پر پورے گائوں میں کہرام مچ گیا ورثاء نے متوفی کی نعش شاہرائے نیلم پر رکھ کر احتجاج کیا ہے۔

(جاری ہے)

بھاری رکاوٹیں کھڑی کرکے اور ٹائر جلا کر شاہرائے نیلم کو ہر طرح کی ٹریفک کے لئے بند کئے رکھا مقامی ضلعی انتظامیہ کی مداخلت اور قانونی کاروائی کی یقین دہانی پر احتجاج کو موخر کیا ہے ۔

ورثاء کا کہنا تھا کہ محکمہ برقیات اور حکومت کی غفلت کی وجہ سے ٹرانسمیشن لائنیں بوسید ہ ہو چکی ہیں۔ کبھی تاریں گرنے سے آتشزدگی ہوتی ہے اور کبھی پولز کے ارتھ ہونے کی وجہ سے قیمتی جانیں ضائع ہوتی ہیں۔ نیلم سے تبدیلی کے نام پر ووٹ لینے والا غلام قادر ایسے غائب ہے جیسے گدھے کے سر سے سینگھ موصوف کو جھوٹ فراٖڈ اور منافقت سے ہی فرصت نہیں ہے۔

1980 سے پہلے کی بنی ہوئی لائنیں بوسیدہ ہو چکی ہیں متعلقہ حکام کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی ہے۔ محکمہ برقیات نے اپنے موقف میں کہا ہے کہ کیرن بائی پاس پر کام کی وجہ سے پتھر گرنے کی وجہ سے پول ڈیمیج ہوا تھا جسکی وجہ سے حادثہ ہوا ہے۔ متوفی کی آبائی قبرستان میں تدفین کر دی گئی ہے۔ ورثاء نے ذمہ داروں کے خلاف قانونی کاروائی کے لئے احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔