کشمیرکونسل کے اختیارات حکومت آزادکشمیر کو منتقل کیے جانے ‘ ایکٹ 74میں ترامیم ‘ حکومت آزادکشمیر کو بااختیار بنانے اور آزاد کشمیر میں چار انتخابی حلقوں کے اضافے پر ہم وزیراعظم ‘آزادکشمیر کابینہ ، کشمیر کونسل کے اراکین کے شکر گزار ہیں

مسلم لیگ (ن) آزادکشمیر کے مرکزی نائب صدر سابق وزیر حکومت سردار طاہر انور خان کی پریس کانفرنس

ہفتہ 2 جون 2018 20:26

راولاکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 02 جون2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) آزادکشمیر کے مرکزی نائب صدر سابق وزیر حکومت سردار طاہر انور خان نے کہا ہے کہ کشمیرکونسل کے اختیارات حکومت آزادکشمیر کو منتقل کیے جانے ، ایکٹ 74میں ترامیم ، حکومت آزادکشمیر کو بااختیار بنانے اور آزاد کشمیر میں چار انتخابی حلقوں کے اضافے پر ہم وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان، آزادکشمیر کابینہ ، کشمیر کونسل کے اراکین ، ممبران قانون ساز اسمبلی کے شکر گزار ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ یہ سب کچھ 2016کے ہمارے انتخابی منشور کا حصہ تھا جس پر عمل در آمد سے حکومت آزادکشمیر کو زیادہ بااختیار بنانے کی جانب بڑی پیش رفت ہوئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کونسل کے اختیارات حکومت آزادکشمیر کو ملنے کی وجہ سے آزادکشمیر کے لوگوں کے ٹیکسز کے فنڈز براہ راست آزادکشمیر کی تعمیر وترقی پر ہوں گے جس سے آزاد خطہ میں خوشحالی کادور شروع ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اپوزیشن کو بھی اس اچھے کام پر حکومت کا ساتھ دینا چاہیے تھا ۔لیکن اپوزیشن کی طرف سے اجلاس کا بائیکاٹ افسوس ناک ہے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے ہفتہ کے روز غازی ملت پریس کلب راولاکوٹ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر ایڈ منسٹریٹر میونسپل کارپوریشن سردار محمد ذاکر خان، حلقہ نمبر تین کے صدر خورشید نور، سردار ممتاز خان، سردار راشد حنیف ، زبیر قادری ، سردار مرتضی صادق ، سردار اظہرکریم ، سردار عمران اور دیگر بھی موجود تھے ۔

سردار طاہر انور خان نے کہاکہ پاکستان کے تمام اسٹیک ہولڈر ز نے بھی آزادکشمیر کے معاملات میں گہری دلچسپی لی اور آزادکشمیر کے عوام کو اس رمضان میں ایک اچھا پیغام ملا ۔انہوں نے کہاکہ کشمیر کونسل کو مشاورتی ادارہ بنانا بھی خوش آئند ہے اب بڑی کشمیری قیادت سے ممبر کشمیر کونسل کا چنائو کیاجانا چاہیے جو کشمیر یوں کی بہترین نمائندگی کر سکے۔

انہوں نے کہاکہ آزادکشمیر کی اسمبلی میں جتنے با اختیار لوگ ہوں گے عوام بھی اتنے ہی بااختیار ہوں گے ۔سردار طاہر انور خان نے کہا کہ ضلع پونچھ راولاکوٹ والوں کو اس حوالے سے دوہری خوشی ملی ہے کہ اب ہمیں بھی شہری انتخابی حلقہ میسر ہوگا ۔ضلع پونچھ راولاکوٹ پہلے چار انتخابی حلقوں پر مشتمل تھا اب اس کے پانچ انتخابی حلقے ہوں گے ۔شہری حلقے کا قیام عمل میں آنے سے ہمارے فنڈز میں بھی اضافہ ہوگا ۔

اور دیگر مراعات اور فوائد بھی حاصل ہوں گے ۔آزاد کشمیر کے انتخابی حلقوں میں اضافے پر بھی ہم راجہ فاروق حیدر حکومت کے شکر گزار ہیں انہوں نے کہا کہ گزشتہ دس سال سے راجہ فاروق حیدر خان اس کاوش میں لگے ہوئے تھے اور بالآخر انہیں کامیابی حاصل ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ راجہ محمد فاروق حیدر خان کی قیادت میں قائم مسلم لیگ (ن)کی حکومت آزادکشمیر میں مختصر عرصے میں جو تاریخی اقدامات کیے ان کی مثال ماضی میں نہیں ملتی ۔ ختم نبوت ، قادیانیت کو غیر مسلم اقلیت قرار دینے کا معاملہ ہو یا کشمیر کونسل کے اختیارات حکومت آزاد کشمیر کو د یئے جانے کی بات یہ کریڈٹ راجہ محمد فاروق حیدر خان کو جاتا ہے اور پوری کشمیری قوم ان کے ان اقدامات کو قدرکی نگاہ سے دیکھتی ہے ۔