مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے رمضان کے مقدس مہینے میں جس بیدردی سے نوجوانوں کو بکتر بند گاڑیوں تلے کچلا ہے اس پر میرا دل خون کے آنسو رو رہا ہے‘میڈیا کی موجودگی میں جس طرح بھارتی فوج نے ظلم و بربریت کا مظاہرہ کیا اس پر عالمی اداروں کی آنکھیں کھل جانی چاہئیں‘بھارتی فوج نے نام نہاد جنگ بندی کی آڑ میں کشمیریوں کی نسل کشی کا عمل تیز کر دیا ہے

آزادجموں وکشمیر کے وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان کا خصوصی بیان

ہفتہ 2 جون 2018 20:26

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 02 جون2018ء) آزادجموں وکشمیر کے وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے رمضان کے مقدس مہینے میں جس بیدردی سے نوجوانوں کو بکتر بند گاڑیوں تلے کچلا ہے اس پر میرا دل خون کے آنسو رو رہا ہے۔میڈیا کی موجودگی میں جس طرح بھارتی فوج نے ظلم و بربریت کا مظاہرہ کیا اس پر عالمی اداروں کی آنکھیں کھل جانی چاہیں۔

بھارتی فوج نے نام نہاد جنگ بندی کی آڑ میں کشمیریوں کی نسل کشی کا عمل تیز کر دیا ہے،ہر دن کشمیریوں کیلیے قیامت بنتا جا رہا ہے۔بھارتی فوج نے ہٹلر اور مسولینی کے مظالم کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔مظلوم کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔پاکستان میں الیکٹرانک میڈیا تحریک آزادی کو خصوصی نشریات میں جگہ دے۔

(جاری ہے)

قومی چینلز جہاں تمام شہروں کی افطاری ٹائم باقاعدہ نشر کرتے ہیں سرینگر کے افطاری ٹائم کو بھی باقاعدگی سے نشر کیا جائے کیونکہ کشمیری پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق سحری و افطار کا اہتمام کرتے ہیں۔

وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار اپنے خصوصی بیان میں کیا۔راجہ فاروق حیدر خان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں رمضان کے مقدس مہینے میں بھی بھارتی فوج کے مظالم کا سلسلہ جاری ہے انہوں نے کہا کہ کوئی دن ایسا نہیں گزرتاہے جب کشمیریوں کو بھارتی فوج جانی و مالی نقصان نہیں پہنچاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو قتل کیا جا رہا ہے ان کی املا تباہ کی جا رہی ہیں حتی کہ بچوں کو بکتر بند گاڑیوں تلے کچلا جاتا ہے اور سب کچھ میڈیا کی موجودگی میں ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج کے انسانیت سوز مظالم سے دنیا نے آنکھیں بند کر رکھی ہیں جس پر ہمیں تشویش ہے۔انہوں نے ایک مرتبہ پھر امریکہ سمیت ورلڈ پاورز سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارتی فوج کے مظالم کا نوٹس لیں اور کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دلوانے کیلیے اپنا اہم کردار ادا کریں۔وزیراعظم نے کہا کہ بھارت کے جارحانہ رویے کی وجہ سے جنوبی ایشیاء کا امن بھی خطرے میں ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ بھارتی فوج کے تمام تر مظالم کے باوجود کشمیری عوام پاکستان کے ساتھ الحاق کے اپنے مشن پر قایم ہیں اور انشاء اللہ وہ دن دور نہیں ہے جب پوری ریاست جموں وکشمیر پاکستان کے ساتھ الحاق کرے گی۔