جو پارٹی چھوڑ گئے ان کا حساب ووٹرز کریں گے،پوری جماعت کا صرف ایک بیانیہ ہے ووٹ کو عزت دو ،شہباز شریف

پارٹی ٹکٹ صرف پارٹی وفاداروں کو ملے گا، انتخابات میں ایک منٹ کی بھی تاخیر برداشت نہیں کریں گے، نواز شریف

ہفتہ 2 جون 2018 20:35

جو پارٹی چھوڑ گئے ان کا حساب ووٹرز کریں گے،پوری جماعت کا صرف ایک بیانیہ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 02 جون2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ جو پارٹی چھوڑ کر گئے ان کا حساب ووٹرز کریں گے،پوری جماعت کا صرف ایک بیانیہ ہے ووٹ کو عزت دو جبکہ سابق وزیراعظم نے کہا کہ پارٹی ٹکٹ صرف پارٹی کے وفاداروں کو ملے گا، انتخابات میں ایک منٹ کی بھی تاخیر برداشت نہیں کریں گے، ہفتہ کو مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی بورڈ کا پہلا اجلاس ہوا، جس کی صدارت مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں سابق وزیراعظم نواز شریف، راجہ ظفر الحق،ثناء اللہ زہری، مشاہد حسین سید، عابد شیر علی ، خواجہ سعد رفیق ، مریم اورنگزیب اور احسن اقبال سمیت دیگر ممبران بھی موجود تھے۔ سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ پارٹی امیدواروں کا فیصلہ میرٹ اور پارٹی وفاداری کی بنیاد پر ہو گا، انتخابات میں ایک منٹ کی بھی تاخیر برداشت نہیں کریں گے، انتخابات بروقت ہونا جمہوریت کیلئے ضروری ہے، پارٹی ٹکٹ صرف پارٹی کے وفاداروں کو ملے گا۔ شہباز شریف نے کہا کہ جو پارٹی چھوڑ کر گئے ان کا حساب ووٹرز کریں گے، پوری جماعت کا صرف ایک بیانیہ ہے ووٹ کو عزت دو۔