ڈپٹی کمشنرکا رمضان بازاروں کا دورہ ،اشیائے خوردونوش کی قیمتیں چیک کیں

ہفتہ 2 جون 2018 21:14

ملتان۔2 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جون2018ء) ڈپٹی کمشنر ملتان زاہد سہیل نے گزشتہ روز شہر بھر میں قائم رمضان بازاروں کے دورے کئے ، اشیاء خوردونوش کی قیمتیں چیک کیںاور بہترین انتظامات پر ضلعی افسران کو شاباش بھی دی۔ ڈپٹی کمشنر ملتان زاہد سہیل نے گزشتہ رو ز گلگشت ، شمس آباد، مدنی چوک، ولایت حسین کالج، ایم ڈی اے چوک، ممتاز آبادو دیگر رمضان بازاروں کے دوروں کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رمضان بازاروں میں اشیاء خوردونوش سستے داموں فراہم کی جارہی ہیں جس کا براہ راست مقصد شہریوں کو حکومت کی طرف سے ریلیف فراہم کرنا ہے۔

شہریوں نے ان رمضان بازاروں کو سراہا ہے کیونکہ یہاں اعلیٰ معیار کی اشیاء خوردونوش کے ساتھ ساتھ تازہ سبزیاں اور گوشت مارکیٹ کی نسبت کم ریٹ پر دستیاب ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عوام کو سستے داموں اشیاء خوردونوش کی فراہمی ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔ تمام اشیاء پر حکومت کی جانب سے خصوصی سبسڈی دی گئی ہے تاکہ غریب عوام پر مہنگائی کا بوجھ نہ پڑے۔

انہوں نے مزید کہا کہ رمضان بازاروں میں قیمتوں کے تعین اور ان کو اعتدال میں رکھنے کے لئے تمام ضلعی افسران و اہلکاران اپنی ذمہ داریاں احسن طریقہ سے انجام دے رہے ہیں جس پر وہ مبارک باد کے مستحق ہیں۔ عوام کی رمضان بازاروں میں خریداری اس بات کا ثبوت ہے کہ ان کا حکومت پر اعتماد ہے۔ روزانہ کی بنیاد پر قیمتوں کو چیک کیا جاتا ہے اور مارکیٹ میں قیمتیں کم ہونے پر اشیاء خوردونوش کی قیمتیں بھی کم کردی جاتی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا کام شہریوں کو ریلیف فراہم کرنا ہے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس بھی مہنگائی کو کنٹرول کرنے میں پیش پیش ہیں۔ علاوہ ازیں گراں فروشوں اور ذخیرہ اندوزوں کو بھی قانون کے شکنجے میں لایا جارہا ہے۔ ان اقدامات کی بدولت اشیاء کی قیمتیں کنٹرول میں ہیں اور عوام ان سے فائدہ اٹھارہی ہے۔

متعلقہ عنوان :