دوسری جمہوری حکومت کے پانچ سال ختم ہونا جمہوریت کی فتح کی علامت ہے،محمد ارشد مہند ایڈووکیٹ

جمہوریت کی کامیابی کے بعد ملک میں مارشل لاء نہیں لگے گا،ملک وقوم جمہوریت کی شاہراہ پر مزید ترقی کی منازل طے کرے گی،رہنماء پیپلز پارٹی

ہفتہ 2 جون 2018 22:08

حافظ آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 جون2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما، سابق صدر بار محمد ارشد مہند ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ دوسری جمہوری حکومت کے پانچ سال ختم ہونا جمہوریت کی فتح کی علامت ہے۔جمہوریت کی کامیابی کے بعد ملک میں مارشل لاء نہیں لگے گا اور ملک وقوم جمہوریت کی شاہراہ پر مزید ترقی کی منازل طے کرے گی۔ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

محمد ارشد مہند نے کہا کہ عوام الیکشن میں ان لوٹوں کو مسترد کردیں گے جو ذاتی مفادات کے لیے پارٹیاں بدلتے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی وفاق میں واضح اکثریت کیساتھ حلیف جماعتوں کے تعاون سے حکومت بنائے گی جو 2023تک رہے گی اور پاکستان کی تعمیر وترقی اور عوام کی خوشحالی میں اپنا کردار ادا کرے گی۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ کرپٹ عناصر کا نیب کے ذریعے بلا امتیازخاتمہ ہونا چاہیے اور نیب کی اولین ترجیح پی پی پی سے بھاگنے والے وزراکا احتساب ہونا چاہیے۔

اُنہوں نے کہا کہ ان گھسے پٹے مہروں کو پارٹی میں لے کر عمران خاں نیا پاکستان بنانے کا نعرہ لگا رہا ہے جو عوام کے ساتھ ایک مذاق ہے۔اپنے مفادات کو تحفظ دینے کے لیے آج عمران خاں کے دائیں بائیں نظر آنے والے بہت جلد پی ٹی آئی کی ڈوبتی کشتی کو دیکر کر بھاگ جائیں گے۔اُنہوں نے کہا کہ پاکستان کی واحد سیاسی جماعت پیپلز پارٹی ہے جس کے لیڈروں اور کارکنوں نے آمریت کے بدترین دور میں قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں ، پھانسی کے پھندے پر جھولے اور معاشی بد حالی کا شکار ہوئے ۔