نگراں وزیر اعلی سندھ نے حلف اٹھا لیا، وزیر اعلی ہائوس پہنچنے پر گارڈ آف آنر پیش

ہفتہ جون 22:19

نگراں وزیر اعلی سندھ نے حلف اٹھا لیا، وزیر اعلی ہائوس پہنچنے پر گارڈ ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 جون2018ء) سندھ کے نگراں وزیراعلی فضل الرحمان نے گورنر ہاؤس میں نگراں وزیر اعلی کا حلف اٹھایا۔ہفتہ کے روز وزیر اعلی ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق حلف برداری کی تقریب کا آغاز قومی ترانہ اور تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا۔ تقریب میں سبکدوش ہونے والے وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ ،اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی، سابق وزراء، بیوروکریٹس، ڈی جی رینجرز ، آئی جی سندھ اور سول سوسائٹی کے لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

حلف برداری کی تقریب کے بعد نگراں وزیراعلی سندھ فضل الرحمان نے صحافیوں کے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ نگراں کابینہ متوازن ہوگی۔ تمام جماعتوں کے لئے میرے دروازے کھلے ہیں اور میرا واحد مقصد شفاف انتخابا ت کا حصول ہے۔ انہوں نے کہا کہ منتخب نمائندوں تک اقتدار کی منتقلی میری اولیں ذمہ داری ہے۔ نگراں وزیر اعلی نے عوام اور سیاسی جماعتوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں عوام اور سیاسی جماعتوں کا بے حد مشکور ہوں جنہوں نے مجھ پر اعتماد کیا۔ وزیر اعلی ہائوس پہنچنے پر نگراں وزیر اعلی سندھ کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔