یونین کئی سالوں سے متواتر اپنے ملازمین کیلئے عیدین کے موقع پر خصوصی اعزازیہ ’’بونس ‘‘ دلاتی آرہی ہے، عبدالطیف نظامانی

یہ سلسلہ امسال بھی واپڈا کے مختلف ونگز میں کامیابی سے جاری ہے اس ماہ مبارک میں اب تک واپڈا ، واٹر ونگز ، این ٹی ڈی سی ، ہائیڈرل ڈیم ، حیسکو کیلئے احکامات جاری ہوچکے ہیں جبکہ گذشتہ روز سیپکو سکھر میں بھی یونین کے مطالبے پر بونس کی منظوری ہوچکی ہے جو بڑی خوش آئندہ بات ہے، صدر آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین

ہفتہ 2 جون 2018 22:21

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 جون2018ء) آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکز یونین کے مرکزی صدر عبداللطیف نظامانی نے کہا ہے کہ یونین کئی سالوں سے متواتر اپنے ملازمین کیلئے عیدین کے موقع پر خصوصی اعزازیہ ’’بونس ‘‘ دلاتی آرہی ہے یہ سلسلہ امسال بھی واپڈا کے مختلف ونگز میں کامیابی سے جاری ہے اس ماہ مبارک میں اب تک واپڈا ، واٹر ونگز ، این ٹی ڈی سی ، ہائیڈرل ڈیم ، حیسکو کیلئے احکامات جاری ہوچکے ہیں جبکہ گذشتہ روز سیپکو سکھر میں بھی یونین کے مطالبے پر بونس کی منظوری ہوچکی ہے جو بڑی خوش آئندہ بات ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے لیبر ھال حیدرآباد میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر سینئر صوبائی رہنما اقبال احمد خان ، ملک سلطان علی ، اعظم خان ، محمد حنیف خان، رفیع الدین شاہ ، ریحان کے کے، اسد اللہ، رائو سعید احمد ، عبدالمناف نظامانی وغیرہ بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

عبداللطیف نظامانی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ سیپکو ملازمین ادارے کی خستہ حالی کے باعث دیگر کمپنیوں کی بنسبت پیچھے ہیں جسکے باعث انکے بونس کے احکامات میں انتظامیہ اگر مگر سے کام لے رہی تھی لیکن یونین کی کاوشوں اور کوششوں کے باعث حیسکو کمپنی میں بھی بونس کے اجراء کے احکامات کو یقینی بنایا گیا تاکہ سیپکو کے ملازمین بھی دیگر کمپنیوں کی طرح اپنے بچوں کیلئے عید کی خریداری کرسکیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے ایم ڈی پیپکو سے مطالبہ کیا ہوا ہے کہ ملک بھر کی تمام بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے ملازم ایک جیسا کام اور خدمات انجام دیتے ہیں ،لہٰذا انکو تمام مراعات بھی ایک جیسی مہیا کی جائیں ایسا نہ کیا جائے کہ لیسکو اور آئیسکو کے ملازمین کے لیے کچھ اور مراعات ہوں جبکہ حیسکو ، سیپکو کو اس سے نظر انداز کردیا جائے جو ایک زیادتی نا انصافی اور تفریق کا عمل ہے جسکی یونین حمایت نہیں کریگی کیونکہ اس عمل سے مزدوروں میں تقسیم پیدا ہوگی جو کسی طور پر بھی اس ملک گیر مفادعامہ کے ادارے کیلئے بہتر نہ ہوگا لہذا ایم ڈی پیپکو سے مطالبہ ہے کہ تمام ملازمین کیلئے جاری کردہ مراعات کو ملک بھر میں یکساں طور پر لاگو کروایا جائے ۔

تاکہ مزدوروں میںپھیلائی جانے والی تفریق کا خاتمہ ممکن ہوسکے ۔ اس موقع پر صوبائی رہنما اقبال احمد خان نے کہا کہ یونین کی ہمیشہ یہ کوشش رہی ہے کہ اپنے ملازمین کی فلاح و بہبود اور انکی دیگر مراعات ہمیشہ اضافہ جاری رکھا جائے۔