خاندان سمیت تحریک انصاف میں شامل ہواہے ،دوست کھوسہ پر عمران سمیت کسی نے کوئی اعتراض نہیں اٹھایا ‘ سردار ذوالفقار کھوسہ

فواد چوہدری کو نہیں پارٹی کو جوائن کیا ہے انکی باتوں سے کوئی فرق نہیں پڑتا، فاروق بندیال اور دوست کھوسہ کے کیسز میں کوئی مماثلت نہیں ‘ گفتگو جو لوگ قیادت سے ملاقات میں شمولیت کے موقع پرموجود تھے وہی شامل ہوئے ہیں‘ مرکزی ترجمان پی ٹی آئی فواد چوہدری

ہفتہ جون 22:41

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 جون2018ء) تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرنے والے سینئر سیاستدان سردار ذوالفقار علی خان کھوسہ نے کہا ہے کہ پورے خاندان سمیت تحریک انصاف میں شامل ہوا ہوں ، عمران خان ،،شاہ محمود قریشی اور جہانگیر ترین سمیت کسی نے بھی دوست کھوسہ پر کوئی اعتراض نہیں اٹھایا ،فواد چوہدری کو نہیں پارٹی کو جوائن کیا ہے ۔ جبکہ مرکزی ترجمان فواد چوہدری نے کہا ہے کہ جو لوگ قیادت سے ملاقات میں شمولیت کے موقع پر موجود تھے وہی پارٹی میں شامل ہوئے ہیں ۔

ذوالفقار علی خان کھوسہ نے پی ٹی آئی کے مرکزی ترجمان فواد کے سوشل میڈیا پر بیان کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سردار دوست کھوسہ ڈیر ہ غازی خان سے بروقت نہ پہنچنے کی وجہ سے عمران خان سے ملاقات میں شریک نہ ہو سکے ۔

(جاری ہے)

میں اپنے پورے خاندان سمیت تحریک انصاف میں شامل ہوا ہوں ، جہاں تک فواد چوہدری کی بات ہے تو ہم نے فواد چوہدری کو نہیں پارٹی کو جوائن کیا ہے اور ان کی باتوں سے کوئی فرق نہیں پڑتا ۔

دوست محمد کھوسہ میرا بیٹا ہے اور وہ بھی میرے ساتھ تحریک انصاف میں شامل ہوا ہے ۔ تحریک انصاف میں عمران خان سمیت کسی نے کوئی اعتراض نہیں اٹھایا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ فاروق بندیال اور دوست کھوسہ کے کیسز میں کوئی مماثلت نہیں۔ دوست کھوسہ نے سپنا سے شادی کی اور معاملات نہ چلنے پر طلاق ہو گئی او ر یہ کوئی جرم نہیں ۔ لڑکی کے والدین بھی اس حوالے سے عدالت میں بیان دے چکے ہیں۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ (ن) لیگ کی قیادت کی ایماء پر دوست کھوسہ کو اس کیس میں الجھایا گیا ہے ۔ دوسری طرف فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ جو لوگ قیادت سے ملاقات میں شمولیت کے موقع پر موجود تھے وہی پارٹی میں شامل ہوئے ہیں ۔ دوسری جانب سردار دوست محمد کھوسہ نے پی ٹی آئی میں شمولیت کے حوالے سے میڈیا میں آنے والی خبروں پر مکمل خاموشی اختیار کررکھی ہے اور ان کی جانب سے کسی بھی طرح کا رد عمل سامنے نہیں آیا ۔