ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے ایگزیکٹ جعلی ڈگری کیس میں ایگزیکٹ کے وکیل سے کیس منتقل کرنے سے متعلق تحریری درخواست طلب کرلی

ہفتہ 2 جون 2018 22:49

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جون2018ء) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی کی عدالت نے ایگزیکٹ جعلی ڈگری کیس میں ایگزیکٹ کے وکیل سے کیس منتقل کرنے سے متعلق تحریری درخواست طلب کرلی۔ ہفتہ کو مقامی عدالت میں ایگزیکٹ ڈگری کیس کی سماعت ہوئی۔ جہاں عدالت نے ایگزیکٹ کے وکیل کو ہدایت کی کہ اگر آپ مزید کیس نہیں چلانا چاہتے تو درخواست جمع کرائیں، جس پر ایگزیکٹ کے وکیل کا کہنا تھا کہ ملزمان کو آپ پر اعتماد نہیں ہے اس لیے ہائیکورٹ کے ممبر انسپکشن ٹیم کو کیس منتقل کرنے کے لیے درخواست دے رکھی ہے، عدالت کا کہنا تھا کہ ممبر انسپکشن ٹیم نے کیا کارروائی کی اس کی بھی تفصیلات پیش کی جائیں،اس کیس کو جلد نمٹانے کے لیے روز نئی ہدایات آرہی ہیں،سپریم کورٹ نے کیس روزانہ کی بنیاد پر چلانے کا حکم دیا ہے اور اعلی عدالتوں میں رپورٹ بھی جمع کرانی پڑرہی ہے، عدالت نے ایگزیکٹ کے وکیل استدعا پر سماعت ملتوی کردی،عدالت کا کہنا تھا کہ جو تاریخ حوالہ کیس میں ملے اس کیس کی کارروائی بھی اسی تاریخ کو کی جائے گی۔

(جاری ہے)

دوسری جانب ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی کی عدالت نے ایگزیکٹ کے خلاف حوالہ کیس کی سماعت بیس جون تک ملتوی کردی ۔ایگزیکٹ کے سی ای او شعیب شیخ و دیگر کے خلاف حوالہ کیس کی سماعت ایڈیشنل ڈسٹرکت اینڈ سیشن جج جنوبی کی عدالت میں ہوئی جہاں ایگزیکٹ سی ای او شعیب شیخ و دیگر عدالت میں پیش ہوئیتھے ۔