2018ء کا الیکشن کرپٹ سیاستدانوں کے لیے یوم احتساب ثابت ہوگا،سینیٹر سراج الحق

انتخابات کا التواکسی صورت منظور نہیں ، کرپٹ عناصر کا احتساب متحدہ مجلس عمل ہی کرے گی ۔عوامی دعوت افطار سے خطاب

ہفتہ 2 جون 2018 22:54

2018ء کا الیکشن کرپٹ سیاستدانوں کے لیے یوم احتساب ثابت ہوگا،سینیٹر سراج ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جون2018ء) جماعت اسلامی پاکستان کے امیر و متحدہ مجلس عمل پاکستان کے نائب صدر سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ 70سال سے ملک پر امریکی ایجنٹ مسلط ہیں،2018کا الیکشن کرپٹ سیاستدانوں کے لیے یوم احتساب ثابت ہوگا،انتخابات کا التواکسی صورت منظور نہیں ، کرپٹ عناصر کا احتساب متحدہ مجلس عمل ہی کرے گی ،اگر ایک دن کے لیے بھی حکومت ملی تو اسلامی نظام کا نفاذ کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع غربی تحت بنارس چوک پر منعقدہ عوامی دعوت افطار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔عوامی دعوت افطار سے جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن ، نائب امیر جماعت اسلامی کراچی محمد اسحاق خان ،ضلع غربی کے امیر عبد الرزاق خان اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

سینیٹر سراج الحق نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ محمد بن قاسم سندھ میں اسلام کا پیغام لے کر آئے اور راجہ داہر کوشکست دی ۔

انہوں نے کہاکہ ہمارے ملک اور عدالتوں میں قرآن کا نظام نافذ کیوں نہیں ہے ً اگر ملک ملک میں قرآن کانظام ہوتا تو پاکستان بنگلہ دیش نہ بنتا ، بد امنی اور بے روزگاری نہ ہوتی ، قرآن کا نظام ہوتا تو غریبوں کے بچے فٹ پاتھ پر نہ ہوتے ، ہمارا پیغام یہی ہے کہ آئے ہمارے ساتھ مل کر عزم کریں کہ جیے گے اور مریں گے اور قرآن کا نظام لائیں گے ،انہوں نے کہاکہ 70سا ل ملک پر انگریز کے شاگرد مسلط ہیں ، امریکی ایجنٹوں نے اپنے بنگلوں ، ملز اور کارخانوں میں اضافہ کیا۔

ملک میں مرکزی اور صوبائی حکومتیں رخصت ہوئی ہیں مگر سوائے قرض کہ انہوں نے کچھ نہیں چھوڑا انہوں نے کرپشن کی داستانیں چھوڑیں انہوں نے قوم کو وژن نہیں دیا مرکزی حکومت کہتی ہے کہ لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کیا ہے کہ سارا جھوٹ ہے ، لوڈ شیڈنگ آج بھی جاری ہے ، ،کراچی آج بھی پانی کے لیے ترس رہا ہے ، کراچی کو کربلا میں تبدیل کردیا گیا ہے ،ان کے پاس کوئی منصوبہ نہیں یہ صرف اپنے خزانے میں اضافے کا فن چاہتے ہیں ، ان حکمرانوں نے عوام کو کچھ نہیں دیا ، نام نہاد جمہوری جماعت کہلوانے والوں میں کوئی جمہوریت نہیں ہے ،انہوں نے کہاکہ 2018الیکشن کو عوام کرپٹ سیاستدانوں کے لیے یوم حساب بنائیں گے ، ہم اللہ کو حاضر ناظر جان کر عہد کرتے ہیں کہ پاکستان کو اسلامی اور خوشحال پاکستان بنانے کی جدوجہد کرتے رہیں گے ۔

انہوں نے کہاکہ کچھ لوگ الیکشن ملتوی کرانا چاہتے ہیں ہم ملتوی کرنے کے حق میں نہیں ، الیکشن ملتوی اس لیے کرنا چاہتے ہیں کہ من پسند نتائج حاصل کرسکیں۔جنہوں نے قوم کو لوٹا ہے ہم ان کو جیل میں دیکھنا چاہتے ہیں ، کرپٹ عناصر کا احتساب اب مجلس عمل کرے گی ۔انہوں نے کہاکہ ہماری حکومت ایک دن بھی ہوئی تو ہم خلافت قائم کریں گے ۔ یہ ملک اسلام کے نام پر وجود میں آیا تھا ہم یہاں اسلام کانظام لا کر رہیں گے ۔

دینی جماعتوں نے اتحاد قائم کرلیا ہے ، عوام اب دینی جماعتوں کا ساتھ دیں گی ، عوام غلامان ِ امریکہ کے بجائے غلامان مصطفی کو ووٹ دیں ۔حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ جماعت اسلامی ضلع غربی کو مبارکباد پیش کرتاہوں جنہوں نے نہایت ہی بابرکت اور خوبصورت محفل کا انعقاد کیا۔اور ایک ایسی محفل کا انعقاد کیا جہاں سے سب مل بیٹھ کر دین کے نفاذ کی جدوجہد کریں گے ۔

اس وقت پاکستان پر سیکولر اور لبرل لابی کی یلغار ہے اس لابی نے پارٹیون کو گھیرا ہوا ہے ۔ یہ لابی پاکستان کے اسلامی قوانین ختم کرانا چاہتی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ ہم پر دباؤ ڈالا جارہا ہے کہ ہم بھارت کی بالادستی قبول کرلیں ، مشرف نے پورے ملک کو امریکہ کے حوالے کر کے قومی غیرت اور حمیت کا سودا کیا۔مشرف کے اقدام نے پورے ملک کی سلامتی اور خود مختاری کو داؤ پر لگادیا ۔

محمد اسحاق خان نے کہاکہ رمضان المبارک جدوجہد اور تربیت کا ماہینہ ہے ، یہ مہینہ رحمتوں ، برکتوں اور بخشش کا مہینہ ہے ، نبی اکرم ؐ نے ماہ رمضان کے بابرکت مہنیے کے بارے میں فرمایا کہ جس شخص ایمان کی حالت میں رمضان کے روزے رکھے اللہ اس کے گزشتہ گناہوں کی بخشش کردے گا ۔انہوں نے کہاکہ 2018کے الیکشن میںجدوجہد کرنے کی ضرورت ہے جماعت اسلامی کے کارکنان ، جے آئی یوتھ کے ذمہ دارن گھر گھر رابطہ مہم شروع کردیں ۔

عبد الرزاق خان نے کہاکہ ماہ رمضان میں ہمیں پیٖغام دیتا ہے کہ انفرادی اور اجتماعی زندگی کا احتساب کرنے کے ساتھ ساتھ اجتماعی زندگی کو بہتر کرنے کی جدوجہد بھی کریں ۔ہمیں اپنی زندگی میں قرآن و سنت کی تعلیم کو عام کرنا ہوگا اور اس کے مطابق اپنی زندگی کو عام کرنا ہوگا ۔