فیصل آباد،غزوہ بدر اور فتح مکہ اسلام کے پیغام جہاد اور رواداری کی عملی مثالیں ہیں،حافظ زبیرعباسی

انتہاء پسند اور دہشت گرد تحریکوں نے اسلام کو نقصان پہنچایا، تصور جہاد کو دنیا پر واضح کرنے کیلئے علماء کو قرآن و سنت کی تعلیمات کو عام کرنا ہو گا، ناظم اسلامی جمعیت طلبہ

ہفتہ 2 جون 2018 23:05

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 جون2018ء) اسلامی جمعیت طلبہ کے ناظم شہرحافظ زبیرعباسی نے کہا ہے کہ غزوہ بدر اور فتح مکہ اسلام کے پیغام جہاد اور رواداری کی عملی مثالیں ہیں، اسلام کو دہشت گردی اور انتہاء پسندی کے ساتھ جوڑنے والے اسلام کی تعلیمات سے ناواقف ہیں، اسلام کے تصور جہاد کو دنیا پر واضح کرنے کیلئے علماء اسلام کو قرآن و سنت کی تعلیمات کو عام کرنا ہو گا، انتہاء پسند اور دہشت گرد تحریکوں نے اسلام اور مسلمانوں کو نقصان پہنچانے کے علاوہ کچھ نہیں کیا۔

اسلام میں جہاد کا حکم ظلم کے خاتمے اور مظلوم کی حمایت کیلئے ہے، جہاد میں سبز درخت کو نہ کاٹنے اور گھاس کو نہ روندنے کا حکم ہے، انہوں نے کہا کہ آج اسلام اور مسلمانوں پر دہشت گردی اور انتہاء پسندی کا الزام لگایا جا رہا ہے جبکہ اسلام امن، سلامتی اور رواداری کا دین ہے اور تمام آسمانی کتب اور انبیاء ؑ کے احترام کا درس دیتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں رہنے والے غیر مسلموں کے حقوق کا تحفظ حکومت اور مسلمانوں کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج دہشت گردی اور انتہاء پسندی کا الزام لگا کر مسلم ممالک کو کمزور کیا جا رہا ہے، لیکن اسلامی تعلیمات کا مطالعہ کرنے والے صبح وشام اسلام کی حقانیت سے متاثر ہو کر اسلام میں شامل ہو رہے ہیں۔