فیصل آباد،محکمہ صحت کے زیراہتمام مساجد اور دینی مدارس میں انسداد ڈینگی سپرے کے لئے خصوصی مہم پر عملدرآمدجاری، سلمان غنی

رمضان المبارک کے آخری عشرہ میں اعتکاف کے آغازتک مکمل کرلی جائے گی،تاکہ ڈینگی مچھر کو افزائش کا موقع نہ ملے،ڈپٹی کمشنر

ہفتہ جون 23:05

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 جون2018ء) ڈپٹی کمشنر سلمان غنی کی ہدایت پر محکمہ صحت کے زیراہتمام ضلع بھر میں مساجد اور دینی مدارس میں انسداد ڈینگی سپرے کے لئے خصوصی مہم پر عملدرآمد کیاجارہا ہے جو رمضان المبارک کے آخری عشرہ میں اعتکاف کے آغازتک مکمل کرلی جائے گی۔ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر برائے انسداد ڈینگی مہم ڈاکٹربلال احمد نے بتایا کہ رمضان المبارک کے آخری عشرہ میں اعتکاف کے دوران معتکفین کو ڈینگی کے خدشات سے محفوظ رکھنے کے لئے تمام مساجد اور مدارس میں انسداد مچھر سپرے کرایا جارہا ہے۔

اس سلسلے میں انسداد ڈینگی کی خصوصی ٹیموں کی ڈیوٹیز لگائی گئی ہے۔انہوںنے بتایا کہ مساجد ومدارس انتظامیہ کو ڈینگی کی افزائش سے بچائو کے لئے خصوصی مشورے بھی دئیے جارہے ہیں تاکہ ڈینگی لاروا کی پیدائش کے تمام ذرائع کا صفایا کیا جاسکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ انسداد ڈینگی سٹاف کی طرف سے مساجد ومدارس کی چھتوں،،پانی کی ٹینکیوں ،سٹورز،واش رومز اور دیگر جگہوں کوچیک بھی کیا جارہا ہے تاکہ ڈینگی مچھر کے تمام ذرائع کو صاف کرکے اس مسئلے کا خاتمہ کیاجاسکے۔

انہوں نے بتایا کہ ضلع بھر میں انسداد ڈینگی کے لئے سرویلنس کا عمل بھی جاری ہے اس ضمن میں سٹاف کو متحرک رکھا گیا ہے۔انہوں نے شہریوں سے کہا کہ وہ اپنے گھروں اوراردگرد کے مقامات کو صاف رکھیں اور کسی جگہ پانی کھڑا نہ رہنے دیں تاکہ ڈینگی مچھر کو افزائش کا موقع نہ ملے۔