پشاور ، گل بہار شکرپورہ کے عوام کا غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور کم وولٹیج کیخلاف واپڈا ہائوس کے گھیرائو کی دھمکی

ہفتہ 2 جون 2018 23:07

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 جون2018ء) پشاور کے مضافاتی علاقہ گل بہار شکرپورہ کے عوام نے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور کم وولٹیج کیخلاف واپڈا ہائوس کے گھیرائو کی دھمکی دی ہے جمعیت علمائے اسلام کے صوبائی رہنما عبدالحلیم خان اورمعززین علاقہ نے مشترکہ بیان میں افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ علاقہ گلبہار شکرپورہ میں گزشتہ10دنوں سیغیر اعلانیہبجلی لوڈشیڈنگ اور کم وولٹیج سے عوام کا جینا محال ہوگیا ‘بجلی بندش کی وجہ سے روزہ داروںکی چیخیں نکل گئی ہیں یہی سلسلہ گزشتہ 10دنوں سے مسلسل جاری ہے‘ اول تو بجلی ہوتی نہیں اور اگر چند لمحوں کیلئے آبھی جائے تو وولٹیج اتنی کم ہوتی ہے کہ اس سے معمولات زندگی انجام نہیں دئیے جا سکتے ‘شدیدگرمی اور رمضان کے باعث آئے روز معمر افراد، بچوں اور خواتین کے بے ہوش ہونے کا سلسلہ جاری ہے جبکہ مساجد وںمیں تراویح کے دوران بھی کئی افراد بے ہوش ہو جاتے ہیں‘گھروں میں پانی ناپید ہے‘ عوام پانی کے بوند بوند کو ترس رہے ہیں‘ ظالمانہ بجلی لوڈ شیڈنگ اور کم وولٹیج کا سلسلہ جاری ہے جبکہ نماز تراویح اورسحری میںبھی بجلی بند رہتی ہے‘علاقہ کے عوام نے وزیر اعلیٰ اور چیف ایگزیکٹو پیسکو سے مطالبہ کیا کہ علاقے میں ظالمانہ لوڈشیڈنگ کا نوٹس لیا جائے بصورت دیگر سڑکوں پر نکل کر احتجاج کرنے پر مجبور ہونگے اور اس دوران ناخوشگوار واقعہ رونما ہونے کی ذمہ داری متعلقہ حکام پر عائد ہوگی ۔