چیف جسٹس ثاقب نثار نے زینب قتل کیس کے ملزم عمران کی سزا کے خلاف اپیل سماعت کیلئے مقرر کردی

ہفتہ 2 جون 2018 23:11

چیف جسٹس ثاقب نثار نے زینب قتل کیس کے ملزم عمران کی سزا کے خلاف اپیل ..
لاہور۔2 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جون2018ء) چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے زینب قتل کیس کے ملزم عمران کی سزا کے خلاف اپیل سماعت کے لیے مقرر کردی۔سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار نے قصور کی زینب قتل کیس میں ملزم عمران کی سزا کے خلاف اپیل سماعت کے لیے منظور کی۔ سپریم کورٹ کے جج جسٹس آصف سعید خان کھوسہ کی سربراہی میں 3 رکنی فل بنچ آئندہ ہفتے اپیل پر سماعت کرے گا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چیف جسٹس آف پاکستان نے زینب کے والد حاجی امین سے سکیورٹی واپس لینے کا حکم دیا۔ چیف جسٹس نے کہا کہ آپ کو اب سکیورٹی کی کوئی ضرورت نہیں، جس سے خطرہ تھا وہ جیل میں ہے۔ یاد رہے کہ 20 مارچ کو لاہور ہائیکورٹ نے زینب قتل کیس کے مجرم عمران کی سزائے موت کے خلاف اپیل خارج کردی تھی۔ واضح رہے کہ رواں برس جنوری میں پنجاب کے ضلع قصور میں کمسن زینب کو زیادتی کے بعد قتل کیا گیا تھا اور اس واقعے کے خلاف قصور بھر میں مظاہرے کیے گئے جب کہ چیف جسٹس پاکستان نے واقعے کا از خود نوٹس لیا تھا، پنجاب پولیس نے ڈی این اے کے ذریعے ملزم عمران کو گرفتار کیا تھا۔