حمزہ علی عباسی نے ریحام خان پر سنگین الزام عائد کر دیا

ریحام خان کو عمران خان کے خلاف کتاب لکھنے کے لیے شہباز شریف نے ایک لاکھ پاؤنڈ دئیے،حمزہ علی عباسی کا عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان پر الزام

Muqadas Farooq مقدس فاروق اعوان اتوار جون 11:10

حمزہ علی عباسی نے ریحام خان پر سنگین الزام عائد کر دیا
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔03 جون 2018ء) اداکار حمزہ علی عباسی نے پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان پر سنگین الزام عائد کر دیا۔حمزہ علی عباسی کا کہنا ہے کہ ریحام خان کو عمران خان کے خلاف کتاب لکھنے کے لیے شہباز شریف نے ایک لاکھ پاؤنڈ دئیے۔تفصیلات کے مطابق ریحام خان کی لکھی گئی کتاب ایک بار پھر سے میڈیا پر موضوع بحث بن گئی ہے۔

گزشتہ روز پی ٹی آئی کے چئیرمین عمران خان کے قریبی ساتھی و اداکار حمزہ علی عباسی نے ریحام خان اور سابق وزیر داخلہ احسن اقبال کی کچھ ای میل لیک کی تھیں۔اور کہا تھا کہ ریحام خان ن لیگ کے پے رول پر کام کر رہی ہیں جب کہ ریحام خان نے مریم نواز سے بھی ملاقات کی ہے۔۔نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے حمزہ علی عباسی کا کہنا تھا کہ ریحام خان کو عمران خان کے خلاف کتاب لکھنے کے لیے پاکستان مسلم لیگ ن کی طرف سے اور خاص طور پر ن لیگ کے صدر شہباز شریف کی طرف سے ایک لاکھ پاؤنڈ دئیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

جب حمزہ علی عباس سے پوچھا گیا کہ کیا آپ کے پاس اس بات کا کوئی ثبوت ہے کہ ریحام خان نے کتاب لکھنے کے لیے ن لیگ سے پیسے لیے تو حمزہ علی عباسی کا کہنا تھا کہ میرے پاس اس کے ثبوت نہیں ہیں تا ہم مجھے کسی نے اس متعلق بتایا ہے تو پروگرام میں موجود اینکر کا کہنا تھا کہ اس کا مطلب یہ ہے کہ آپ کی یہ کہانی بھی عمران خان کی 35 پنکچر والی کہانی کی طرح ہے۔

یاد رہے اداکار حمزہ علی عباسی کا ریحام خان کی کتاب سے متعلق کہنا تھا کہ ریحام خان کی کتاب میں عمران خان کو دنیا کا سب سے بڑا شیطان اور شہباز شریف کو زبردست انسان کہا گیا۔ حمزہ علی عباسی نے بتایا کہ ریحام خان کی کتاب میں پی ٹی آئی کے دھرنے کو اسٹیبلشمنٹ کا منصوبہ قرار دیا گیا ہے۔ جبکہ 75 فیصد کتاب ناقابل بیان ہے اور اسے کسی طور بیان نہیں کیا جا سکتا۔ حمزہ نے بتایا کہ ریحام خان کی کتاب میں شہباز شریف کی بہت تعریفیں کی گئی ہیں۔ ٹویٹر پیغام میں حمزہ علی عباسی کا کہنا تھا کہ کتاب کے متن کا خلاصہ یہ ہے کہ عمران خان دنیا کے بد ترین اور ذلیل ترین آدمی ہیں، اور ریحام خان صاحبہ دنیا کی بہترین خاتون بھی ہیں اور دنیا کی بہترین ماں بھی ہیں.