اصلاح معاشرہ کیلئے ہمارے علمائے کرام اور اساتذہ کرام کو ایک قومی مشن کے طور پر کام کرنا چائییے‘شاہد ریاض ستی

اتوار 3 جون 2018 12:10

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جون2018ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے راہنماء وسابق پارلیمانی سیکریٹری پنجاب شاہد ریاض ستی نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کی با برکت ساعتوں میں علمائے کرام ، اساتذہ کرام ، دانشوروں، ادیبوں اور معاشرے کے دیگر با شعور طبقات کی ذمہ داری ہے کہ وہ لوگوں کی اخلاقی تربیت اور کردار سازی کو موضوع سخن بنائیں ․ ہمارا معاشرہ جس قدر عبادات کرتا ہے اگر اس کا نصف بھی معاملات میں سدھر جائے تو ہمارے بے شمار مسائل حل ہو سکتے ہیں ․ انہوں نے اپنے ایک خصوصی بیان میں کہا کہ جھوٹ ، دھوکہ دہی ، نافقت ، ریاکاری ، ناجائز منافع خوری ، قتل و غارت گری ،نشہ پروری، عدم برداشت اور دوسروں کے حقوق کی عدم ادائیگی سمیت دیگر معاملات کی خرابیاں ہمارے معاشرے میں کوئی گناہ نہیں سمجھی جاتیں اور اسی وجہ سے ہم تنزلی کا شکار ہیں ․ یہ وہ خرابیاں ہیں جو معاشروں کو تباہ و برباد کر دیتی ہیں ان کے ہوتے ہوئے ہماری کوئی عبادت بھی قابل قبول نہ ہوگی ․ انہوں نے کہا کہ ظہور اسلام سے قبل عرب معاشرے میں ان ہی خرابیوں کی وجہ سے ابتری تھی ․ ہمارے پیارے نبی کریم ﷺ نے آکر سب سے پہلے ان خرابیوں کو ختم کیا ․ انہوں نے کہا کہ سنت رسول ﷺ پر عمل کرتے ہوئے ہمیں نہ صرف خود ان گناہوں سے کنارہ کش ہو جانا چائییے بلکہ معاشرے کے جن جن افراد پر ہماری باتوں کا اثر ہو سکتا ہے ہمیں ان لوگوں کی بھی اصلاح کی نتیجہ خیز کوششیں کرنی چائییے ․ انہوں نے کہا کہ اصلاح معاشرہ کیلئے ہمارے علمائے کرام اور اساتذہ کرام کو ایک قومی مشن کے طور پر کام کرنا چائییے جس کا اجر عظیم انہیں دنیا و آخرت میں سرخرو کرے گا -