سردار ایازصادق اور الیکشن کمیشن نے لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ چیلنج کردیا

لاہور ہائیکورٹ کے کاغذات نامزدگی فارم اور حلقہ بندیوں سے متعلق فیصلے سے انتخابات کا شیڈول متاثرہونے کا خدشہ ہے، درخواست میں استدعا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان اتوار 3 جون 2018 12:18

لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔03جون 2018ء) سردار ایازصادق اور الیکشن کمیشن نے کاغذات نامزدگی فارم اور حلقہ بندیوں کے معاملے سے متعلق لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ چیلنج کردیا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما سردار ایازصادق اور الیکشن کمیشن نے کاغذات نامزدگی فارم اور حلقہ بندیوں کے معاملے سے متعلق ہائیکورٹ کا فیصلہ چیلنج کردیا۔

اپیل سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں دائر کی گئی۔سردار ایازصادق کےوکلا نے چیف جسٹس سے فوری سماعت کی استدعا کی ہے۔چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کا کہنا تھا کہ فائلیں سامنے  آنے دیں کوشش کریں گے کل ہی سماعت  کیلیے مقررکردیں۔عدالت میں دائر کی گئی درخواست میں کہا گیا ہے کہ اس لیے آپ کے پاس حاضر ہوئےہیں،بروقت الیکشن کا معاملہ ہے۔

(جاری ہے)

ہائیکورٹ کے فیصلے سے الیکشن کے انعقاد میں تاخیر ہوگی۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان نےموقف اختیار کیا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے میں تضاد پایا جاتا ہے۔لاہور ہائیکورٹ کےفیصلےسےانتخابات کاشیڈول متاثرہونےکاخدشہ ہے۔یاد رہے کہ الیکشن کمیشن میں اہم مشاورتی اجلاس ہوا تھا جس میں کاغذات نامزدگی فارم اور حلقہ بندیوں سے متعلق اعلیٰ عدلیہ کے فیصلوں کا جائزہ لیا گیا تھا۔ ای سی پی نے نامزدگی فارم سے ختم کی گئی 19 شقوں اور حلقہ بندیوں سے متعلق عدالتی فیصلوں سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا اعلان کیا تھا۔

جب کہ سابق اسپیکر ایاز صادق نے بھی نامزدگی فارم میں تبدیلی کیخلاف سپریم کورٹ جانے کا اعلان کیا تھا۔انہوں نے کہا تھا کہ الیکشن شیڈول آنے کے بعد فیصلہ آیا ہے، پارلیمنٹ کی قانون سازی کیخلاف عدالتی فیصلہ چیلنج کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کی تاریخ میں رد و بدل نہ کیا جائے، انتخابات مقررہ تاریخوں میں ہونے چاہئیں۔