مقبوضہ کشمیر: قابض فورسز کاجارحانہ طرز عمل اور ظالمانہ کارروائیاں ناقابل برداشت ہیں : مشترکہ مزاحمتی قیادت

طاقت کے بل پر کشمیریوں کے جذبہ مزاحمت کو ختم نہیں کیا جاسکتااور نہ ان کی آوازوں کو خاموش کیاجاسکتاہے

اتوار 3 جون 2018 13:00

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جون2018ء) مقبوضہ کشمیر میں سید علی شاہ گیلانی، میرواعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ مزاحمتی قیادت نے کہا ہے کہ قابض بھارتی فورسز کی طرف سے مرکزی جامع مسجد سرینگر کے باہر نہتے مظاہرین کیخلاف طاقت کے وحشیانہ استعمال او ر نوجوانوں کو اپنی گاڑی سے کچل دیناظلم و بربریت کی انتہا ہے جسے کسی قیمت پر قبول نہیں کیا جاسکتا۔

کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق مزاحمتی قیادت نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ اس بربریت کے نتیجے میںفتح کدل سے تعلق رکھنے والا نوجوان قیصر احمد شہید اور محمد یونس شدید زخمی ہو گیاہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ ماہ بھی اسی طرح کے ایک المناک واقعے میں قابض فورسز نے ایک نوجوان کو اپنی گاڑی کے نیچے کچل کر شہید کر دیا تھا ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ بھارتی پولیس اس کھلم کھلا قتل کو رف ڈرائیونگ کے کھاتے میں ڈال رہی ہے۔

مزاحمتی رہنمائوں نے کہا کہ بھارتی قابض فورسز حق و انصاف پر مبنی کشمیری عوام کی جدوجہد کو کچلنے کیلئے بلٹ اور پیلٹ کے استعمال کے ساتھ ساتھ اب فوجی گاڑیوںکے نیچے کچل کر کشمیریوں کا صفایا کررہی ہیں جو انصاف پر یقین رکھنے والے ممالک کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔انہوں نے کہا کہ قابض فورسز کاجارحانہ طرز عمل اور ظالمانہ کارروائیاں ناقابل برداشت ہیں۔

انہوں نے شہید قیصر احمد کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے جنازے میں شریک لوگوں پرطاقت کے وحشیانہ استعمال کی شدید مذمت کی۔انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت اور اس کے کٹھ پتلی حکمران ایک طرف کشمیری عوام پرمظالم ڈھانے کے تمام ریکارڈ توڑ رہے ہیں اور دوسری طرف چاہتے ہیں کہ ان مظالم کے خلاف کشمیری عوام صدائے احتجاج بھی بلند نہ کریں۔

مزاحمتی رہنمائوں نے کہاکہ طاقت کے بل پر کشمیری قوم کے جذبہ مزاحمت کو ختم نہیں کیا جاسکتا اور نہ مظالم کے خلاف اٹھنے والی آوازوں کو خاموش کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے سرینگر میں کرفیو اوردیگر سخت پابندیاں نافذکرنے اور تحریک حریت کشمیر کے بانی مرحوم مولانا محمد یوسف شاہ کی 51ویں برسی پر انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے جلسہ منعقد نہ کرنے دینے کی شدید مذمت کی۔انہوں نے بھارتی مظالم اور مرکزی جامع مسجد سرینگرسمیت مذہبی مقامات کی بے حرمتی کے خلاف ہمہ گیر ہڑتال کر نے پر حریت پسند عوام کا شکریہ ادا کیا۔