مقبوضہ کشمیر‘ بھارتی پولیس نے عدالت سے آسیہ اندرابی اوردیگر کا سات روز ریمانڈ حاصل کر لیا

اتوار 3 جون 2018 13:00

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جون2018ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی پولیس نے سرینگر کی ایک عدالت سے غیر قانونی طور پر نظر بند دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی اور انکی ساتھیوں ناہیدہ نسرین اور فہمیدہ صوفی کا ایک جھوٹے مقدمے میںسات روزہ ریمانڈ حاصل کر لیا ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے آسیہ اندرابی اور دیگر کو صورہ تھانہ کی پولیس نے ریمانڈ کے حصول کے لیے جوڈیشل مجسٹریٹ سرینگر کی عدالت میں پیش کیا ۔

(جاری ہے)

پولیس نے تینوں کا پندرہ روز ریمانڈ مانگا تاہم عدالت نے وکیل صفائی کے اعتراض کے بعد تینوں کا 9جون تک سات روزہ ریمانڈ دیدیا۔عدالت نے پولیس کو متعدد امراض کا شکار آسیہ اندرابی کا متواتر طبی معائنہ کرانے کی بھی ہدایت کی ۔دریں اثناہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے آسیہ اندرابی اور ان کی ساتھیوں کی گرتی ہوئی صحت پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی حکومت ایک طرف مذاکرات کی پیشکش کررہی ہے جبکہ دوسری طرف آزادی پسندوںکو مسلسل قید رکھا جا رہا ہے۔بارایسوسی ایشن نے آسیہ اندرابی اور انکی ساتھیوں پر قائم جھوٹے مقدمات ختم کرکے انہیں فوری طور پررہا کرنے کا مطالبہ کیا۔