حریت قیادت اور کشمیری عوام کے درمیان مثالی اتحاد کیوجہ سے بھارت شدید بوکھلاہٹ کا شکار ہے،میرواعظ

میر واعظ عمر فاروق کا مولوی محمد یوسف کو خراج عقیدت

اتوار 3 جون 2018 13:00

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جون2018ء) مقبوضہ کشمیر میں حریت فورم کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے کشمیریوںکے خلاف بھارت کی جارحانہ پالیسی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حریت قیادت اور کشمیری عوام کے درمیان بے مثال اتحاد کی وجہ سے بھارتی حکومت اور مقبوضہ کی کٹھ پتلی انتظامیہ شدید بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو مسلسل ایذا رسانی، ظلم و تشدداور املاک کی تباہی کا سامنا ہے اور یہ سب اسلئے کیا جارہا ہے کیونکہ کشمیری اپنی جدوجہد اور مبنی برحق موقف چھوڑنے کیلئے آمادہ نہیں ۔

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق میر واعظ عمر فاروق نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ کشمیریوں نے بھارتی فورسز کی جبر و استبداد کی حالیہ کارروائیوںکے خلاف مکمل ہڑتال کر کے تحریک آزادی کے ساتھ ایک مرتبہ پھر اپنی بھر پور وابستگی کا ثبوت دیا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بھارت اور اسکی کٹھ پتلی کو یہ واضح پیغام دیا گیا کہ کشمیری اپنے مقصد سے ہرگز پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

انہوںنے سید علی گیلانی کی مسلسل نظر بندی ، محمد یاسین ملک کی گرفتاری اور سرینگر میں پابندیوں کے نفاذ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کے اظہار رائے کی آزادی کے حق کو مکمل طور پر سلب کر لیا گیا ہے۔ دریں اثنا میر واعظ عمر فاروق نے مولوی محمد یوسف شاہ مرحوم کے انکی 51ویں برسی پر شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم رہنما کشمیریوں کے سیاسی جذبات اور احساسات کی علامت تھے۔

انہوںنے کہا کہ مولوی محمد یوسف شاہ ایک ایسے رہنما تھے جنہوں نے 1947کے تاریخی موڑ پر کشمیریوں کے جذبات کی ترجمانی کی ۔ میر واعظ عمر فاروق نے کہا کہ مہاجر ملت میر واعظ مولوی محمد یوسف کو اپنے جمہوری، اصولی اور اخلاقی موقف کی وجہ سے وقت کے حکمرانوں نے اپنا عزیز وطن چھوڑنے پر مجور کیا اور پھر عمر بھر واپس آنے کی اجازت نہیںدی۔ انہوںنے کہا کہ مرحوم نے آزادکشمیر اور پاکستان میں اپنی جلاوطنی کے دوران بھی کشمیریوں کے حقوق کے لیے بے مثال جدوجہد کی۔