مختلف آزادی پسند رہنمائوں اور تنظیموں کی طرف سے معصوم نوجوان کو قتل کرنے کی شدید مذمت

ْ بھارت نے جموں و کشمیر میں جنگ بندی کا ڈھونگ رچاکر اسرائیلی طرز کا آپریشن شروع کردیا ہے

اتوار 3 جون 2018 13:00

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جون2018ء) مقبوضہ کشمیر میںمختلف آزادی پسندرہنمائوںاور تنظیموں نے سرینگر میں بھارتی فورسز کی طرف سے معصوم نوجوان قیصر احمد بٹ کو گاڑی کے نیچے کچل کر قتل کرنے کی شدید مذمت کی ہے۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارتی فورسز گاڑیوں کے نیچے کچل دینے کو کشمیری نو جوانوں کوشہید کرنے کے لیے ایک نئے حربے کے طورپر استعمال کررہی ہیں۔

بشیر احمد کشمیری کی قیادت میں لبریشن فرنٹ کا ایک وفد فتح کدل گیا اور شہید نوجوان قیصر احمدکی نماز جنازہ میں شرکت کی ۔ جماعت اسلامی کے ترجمان نے ایک بیان میں قیصر احمد کو قتل کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی فورسز نے مقبوضہ علاقے میں لاقانونیت کا طوفان کھڑا کردیا ہے اور وہ کالے قانون آرمڈ فورسز سپیشل پاورز ایکٹ کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے کشمیریوں کی نسل کشی کررہی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارتی فورسز نے کشمیری نوجوانوں کو خوفزدہ کرنے کے لیے انہیں قتل کرنے کا نیاسلسلہ شروع کیا ہے تاکہ وہ حق خوداریت سے دستبردارہو جائیں۔دختران ملت کی ترجمان رفعت فاطمہ نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے جموں و کشمیر میں جنگ بندی کا ڈھونگ رچاکر اسرائیلی طرز کا آپریشن شروع کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی افواج کا گھروں میں داخل ہونا ،مکینوں کو زدوکوب کرنا اور پھلوں کے باغات کو نقصان پہنچاناہشت گردی کی بدترین مثالیں ہے۔

نیشنل فرنٹ نے واقعے کو بہیمانہ قتل قرار دیتے کہا ہے بھارتی فورسز کی جوابدہی نہ ہونے کی وجہ سے معصوم کشمیر ی نوجوانوں کی شہادتیں رکنے کا نام نہیں لیتیں۔ حریت رہنما محمد مصدق عادل نے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس سے ا ندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ بھارتی فورسز کشمیر میں کس ڈھٹائی سے انسانی حقوقِ کی خلاف ورزیاںکررہی ہیں۔ حریت رہنمائوں ایڈوکیٹ بشیر احمد طوطا ، بلال احمد صدیقی ، بیرسٹر عبدالمجید ترمبو،عبدالرئوف خان ،شبیراحمد ڈار، محمد اقبال میر، محمد احسن اونتو، غلام نبی وار ، امتیاز احمد ریشی،غلام نبی وسیم ، محمدعمران ،جاوید احمد میر، محمد یوسف نقاش، سالویشن مومنٹ، جمعیت اہلحدیث اور ایوان صنعت و تجارت کشمیرنے اپنے الگ الگ بیانات میں سرینگر میں معصوم نوجوان قیصر احمد کو قتل کرنے کی شدید مذمت کی ہے۔