اکتوبر میں منعقدہ عالمی نمائش کارپٹ انڈسٹری ،معیشت کی ترقی میں بھی سنگ میل ثابت ہو گی ‘ ایسوسی ایشن

غیر ملکی مندوبین سے رابطے شرو ع کر دئیے ،ٹڈیپ نمائش کی تیاریوں کیلئے فنڈز کے فوری اجراء کیلئے اقدامات کرے ‘لطیف ملک،ریاض احمد

اتوار 3 جون 2018 14:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جون2018ء) پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام 36ویں عالمی نمائش رواں سال 4سی6اکتوبرتک منعقد ہو گی جس کیلئے ابتدائی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں ، مذکورہ نمائش نہ صرف کارپٹ انڈسٹری بلکہ ملکی معیشت کی ترقی کیلئے بھی سنگ میل ثابت ہو گی ، غیر ملکی مندوبین کی شرکت کو یقینی بنانے کیلئے رابطے شروع کر دئیے گئے ہیںاور امسال بھی غیر ملکیوں کی بھرپور شرکت سے دنیا میں پاکستان کا سوفٹ امیج اجاگر کرنے میں مدد ملے گی ۔

ان خیالات کا اظہار ایسوسی ایشن کے چیئرمین لطیف ملک اور قائمقام وائس چیئرمین ریاض احمد نے نمائش کے انعقاد کے سلسلہ میں جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے مزید کہا متعلقہ اداروں کی معاونت اور سپورٹ کے بغیر اتنی بڑی نمائش کی کامیابی نا ممکن ہے اور ہم ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی پاکستان کے سیکرٹری انعام اللہ دریجو اورڈائریکٹر جنرل میاں ریاض احمد کے مشکور ہیں جن کے تعاون سے نہ صرف ہمارے دیرینہ مسائل حل ہوئے ہیں بلکہ ترجیحی اقدامات کے تجارت پر بھی مثبت اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ہمیں قوی امید ہے کہ گزشتہ سالوں کی طرح امسال بھی منعقد ہونے والی نمائش کی کامیابی کیلئے ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی پاکستان سمیت دیگر متعلقہ ادارے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے ۔مطالبہ ہے کہ نمائش کی تیاریوں کوحتمی شکل دینے کیلئے فنڈز کا جلد سے جلد اجراء کیا جائے ۔ انہوںنے کہا کہ ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی او ردیگر متعلقہ اداروں کے تعاون سے نہ صرف کارپٹ کی عالمی نمائش کامیاب ہو گی بلکہ اس سے کارپٹ کی ایکسپورٹ بڑھانے میں مدد ملے گی جس کے معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :