الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد ترمیم شدہ انتخابی شیڈول جاری کردیا ، پولنگ شیڈول کے مطابق 25جولائی کو ہی ہوگی، الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری ترمیم شدہ شیڈول کے مطابق کاغذات نامزدگی 4جون(پیر)سے 8جون تک جمع کرائے جاسکیں گے۔8جون کو امیدواروں کی ابتدائی فہرست جاری آویزاں کی جائے گی

اتوار 3 جون 2018 14:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جون2018ء) الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد ترمیم شدہ انتخابی شیڈول جاری کردیا ہے پولنگ شیڈول کے مطابق 25جولائی کو ہی ہوگی۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری ترمیم شدہ شیڈول کے مطابق کاغذات نامزدگی 4جون(پیر)سے 8جون تکجمع کرائیجاسکیں گے۔8جون کو امیدواروں کی ابتدائی فہرست جاری آویزاں کی جائے گی۔

اس سے قبل جاری شدہ شیڈول کے مطابق کاغذات نامزدگی 2جون سے 6جون تک وصول کئے جانے تھے تاہم لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے کاغذات نامزدگی کے حوالے سے پٹیشن پر دیئے گئے فیصلے کے بعد ان کی وصولی روک لی گئی تھی۔ سپریم کورٹ نے اتوار کو لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ معطل کر دیا جس کے بعد اب کاغذات نامزدگی کی وصولی کے علاوہ باقی تمام کارروائی پہلے سے جاری شدہ شیڈول کے مطابق ہوگی۔

(جاری ہے)

ریٹرننگ آفیسرز کی جانب سے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 14جون تک ہوگی ۔ ریٹرننگ آفیسران کی جانب سے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد کئے جانے کے خلاف اپیلیں19جون تک دائر کی جا سکیں گی۔ ایپلٹ ٹریبونلز کی جانب سے ان اپیلوں پر فیصلے 26جون تک کئے جائیں گے۔27جون کو امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست جاری کی جائے گی۔امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی 28جون کو واپس لئے جا سکیں گے امیدواروں کی حتمی فہرست بھی اسی روز جاری کی جائے گی۔ امیدواروں کو انتخابی نشانات 29جون کو الاٹ کئے جائیں گے۔پولنگ 25جولائی کو ہوگی۔