صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان کی مقبوضہ کشمیر میں قیصر بٹ کی المناک موت ، اس پر تشدد اور اس کی لاش کی بے حرمتی کی سخت مذمت

ان اوچھے ہتھکنڈوں سے ہندوستانی افواج کبھی بھی اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہوگی ، سید علی گیلانی ، میر واعظ عمر فاروق اور یاسین ملک سمیت تمام حریت قیادت کو فی الفور رہا کیا جائے

اتوار 3 جون 2018 15:10

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جون2018ء) صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان نے مقبوضہ کشمیر میں قیصر بٹ کی المناک موت ، اس پر تشدد اور اس کی لاش کی بے حرمتی کی سخت مذمت کی ہے۔ جسے سنٹرل انڈین ریزرو پولیس کے اہلکاروں نے گاڑی کے نیچے کچلا اور اس کی جان لے لی۔ اتوار کو اپنے جاری بیان میں صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ ایک طرف تو ہندوستانی افواج اور ہندوستانی حکومت نے مقبوضہ کشمیر میں ماہ رمضان میں سیز فائر اور جنگ بندی کااعلان کر رکھا ہے لیکن دوسری طرف تشدد اور ظلم و ستم کا ایک نیا باب کھول رکھا ہے اور حالیہ دنوں میں بے شمار معصوم کشمیریوں کی جانوںکے ساتھ کھلواڑ کیا گیا ہے اور ظلم ستم کا یہ بازار صرف اس لئے گرم کئے رکھا ہے کہ وہ کشمیریوں کی آزادی کی خاطر اٹھنے والی آواز کو دبا دیں ۔

(جاری ہے)

لیکن ان اوچھے ہتھکنڈوں سے ہندوستانی افواج کبھی بھی اپنے مضموم عزائم میں کامیاب نہیں ہوگی۔ صدر نے کہا کہ فی الفور سید علی گیلانی ، میر واعظ عمر فاروق اور یاسین ملک سمیت تمام حریت قیادت کو رہا کیا جائے اور انہیں قید وبند و پابندی سلاسل سے نجات دلائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کے حوصلے اور عزائم بلند ہیں اور وہ اپنے خون کے آخری قطرے تک آزادی کی یہ جنگ لڑتے رہیں گے۔

جب تک انہیں حق خود ارادیت نہیں مل جاتا۔ انہوں نے کہا کہ ہم کشمیریوں کے ساتھ ہیں اور ان کے جائز حق کے لئے اپنی آواز دنیا کے ہر ایوان میں بلند کرتے رہیں گے۔ صدر نے کہا کہ پورے پاکستان اور کشمیر کے لوگوں کے دل اپنے مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں اور انشاء اللہ وہ دن دور نہیں جب وہ آزادی کی نعمت سے مالامال ہوںگے۔ صدر نے بین الاقوامی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں ہندوستانی افواج کے ہاتھوں اس ظلم و ستم کو اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو فی الفور روکیں ۔