لیگی حکومت کے دور میں لوڈشیڈنگ اور دہشتگردی کے جن کو بوتل میں بند کر دیا گیا ہے ‘پرویز ملک

پی ٹی آئی نے عوام کو تبدیلی و انقلاب کے نام پر دھوکہ دیا ، یو ٹرن اور جھوٹ بولکر ملک کی تباہی کی‘عمران نذیر

اتوار جون 15:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 جون2018ء) پاکستان مسلم لیگ(ن)لاہور کے صدروسابق وفاقی وزیر محمد پرویز ملک،جنرل سیکرٹری خواجہ عمران نذیرنے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے دور میں لوڈشیڈنگ اور دہشت گردی کے جن کو بوتل میں بند کر دیا گیا ہے،اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور بے پایاں محنت کے باعث لوڈشیڈنگ کی بنا پر اندھیرے دور ہو چکے ہیں اورشدید گرمی اور پن بجلی کی پیداوار میں کمی کے باوجود صارفین کو بجلی مل رہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز لاہور میں افطار ڈنر کی تقریب سے گفتگو کرتے ہوئے کیا اس موقع پر رمضان صدیق بھٹی، سید توصیف شاہ،سینیٹرڈاکٹر اسد اشرف،عامر خان ،زکریا بٹ،سعدیہ تیمور،چوہدری عبدالمجید چن نمبردار،جاوید اقبال سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ خیبرپی کے میں ترقی اور خوشحالی کا انقلاب مسلم لیگ (ن) لائے گی،پی ٹی آئی نے عوام کو تبدیلی اور انقلاب کے نام پر دھوکہ دیا گیا،عمران نیازی نے یو ٹرن اور جھوٹ بول کر ہر سطح پر تباہی اور بربادی کی ہے،’’بلین ٹریز‘‘ کے نام پر دھوکہ دینے والے قوم کے رہنما کیسے ہوسکتے ہیں۔

پنجاب میں ہونے والی ترقی و خوشحالی کے سفر کو خیبرپی کے سمیت دیگر صوبوںمیں بھی میں لے کر جائیں گے۔ کے پی کے کے غیور عوام اب نیازی صاحب کے نعروں کے جھانسے میں نہیں آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں منصوبوں کی آڑ میں قومی خزانے کو بے دردی سے لوٹا گیا جبکہ بعض سیاسی عناصر نے دھرنوں اور لاک ڈائون کے ذریعے تعمیر و ترقی کے سفر میں رخنہ ڈالنے کی کوشش کی اور یہ عناصر ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے شفاف ترین منصوبوں کو مکمل ہوتا دیکھ کر پریشان ہیں کیونکہ آج قومی خزانے کی پائی پائی امانت سمجھ کر ترقیاتی منصوبوں پر صرف کی جا رہی ہے ایک طرف شفافیت، محنت، دیانت، امانت اور خدمت کی سیاست ہے جبکہ دوسری طرف افراتفری، لوٹ مار اور دشنام طرازی اورانتشار کی سیاست ہے۔